Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حوثی امن و استحکام کو سبوتاژ کررہے ہیں’ عرب ممالک اور او آئی سی کا ردعمل

حملے ناکام بنانے پر سعودی عرب کے دفاعی نظام کی تعریف کی گئی( فوٹو عرب نیوز)
عرب اتحاد برائے یمن نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے دفاعی نظام  نے حوثیوں کے چار ڈرونز اور ایک بیلسٹک میزائل حملے کو ناکام بنایا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق حوثیوں نے جنوبی سعودی عرب کے علاقے جازان پر بیلسٹک میزائل داغا تھا جسے ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیا گیا۔ 
عرب اتحاد نے بتایا کہ حوثی سول تنصیبات اور شہریوں کو نقصان پہنچانے کی مسلسل کوشش کررہے ہیں جنہیں ناکام بنایا جارہا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم، عرب پارلیمنٹ، کویت، بحرین اور اردن نے سعودی عرب پر حوثیوں کے بیلسٹک اور ڈرونز حملوں کی مذمت کی ہے۔
 
او آئی سی نے حملے ناکام بنانے پر سعودی عرب کے دفاعی نظام کی تعریف کی۔  
عرب پارلیمنٹ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ’وہ علاقائی اور بین الاقوامی امن وسلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے حوثیوں کے مجرمانہ حملے بند کرانے میں اپنا کردارادا کرے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ حوثی ملیشیا، انہیں فنڈ فراہم کرنے والوں خصوصا ایران کو سبق سکھانے والے اقداما ت کیے جائیں‘۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کویت نے جازان اور خمیس مشیط  سمیت جنوبی علاقوں پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ’ اس قسم کے جارحانہ اقدامات بین الاقوامی و انسانی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں‘۔
’حوثی یمن میں جاری کشمکش ختم کرانے کی عالمی برادری کی کوششوں کو نظر انداز کررہے ہیں۔ صورتحال کا تقاضا ہے کہ عالمی برادری حملہ آوروں کے احتساب کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدام کرے‘۔ 
بحرین نے حوثیوں کے جارحانہ حملوں کو مملکت کے استحکام اور خودمختاری پر حملہ قرار دیا۔
بیان میں سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب کا دفاعی نظام قابل تعریف ہے‘۔
اردنی دفتر خارجہ نے ڈرونز حملوں پر حوثیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’حوثی امن و استحکام کو سبوتاژ کررہے ہیں۔ اردن، سعودی عرب کے ساتھ ہے‘۔
عرب وزرائے داخلہ نے بھی سعودی عرب پر  حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی جبکہ بروقت کارروائی کرکے میزائل اور ڈرونز حملوں کو ناکام بنانے پر سعودی دفاعی نظام کو سراہا ہے۔ 

شیئر: