Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی 14 اگست تک پاکستان سے نکل جائیں: شیخ رشید

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’ملزم ظاہر جعفر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے لیے وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں سمری بھیجی جائے گی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہری 14 اگست تک پاکستان سے نکل جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ’جن غیر ملکیوں کے ویزوں کی معیاد ختم ہو چکی ہے، وہ ویزوں کی تجدید کے لیے آئن لائن درخواست دیں یا پھر 14 اگست تک ملک سے نکل جائیں۔‘
شیخ رشید نے پیر کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’جن غیر ملکیوں نے ویزے کی تجدید نہیں کرائی اگر وہ 14 اگست تک تجدید کے لیے آن لائن درخواست جمع کرائیں گے تو میں ان کے جرمانے معاف کر دوں گا، چاہے وہ ہزاروں میں ہی کیوں نہ ہوں۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘نادرا کو قومی تقاضوں کے مطابق ادارہ بنانے کے لیے نئے چیئرمین آئے ہیں۔ ہم ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو بھی ڈویلپ کریں گے۔‘
شیخ رشید نے کہا کہ ’نادرا میں ہم تصدیق ، تجدید اور تصحیح کی نئی پالیسی لا رہے ہیں، جو شناختی کارڈ مشکوک ہوں گے ان کو میسجز بھیجیں گے، دیکھیں گے کہ کوئی غیر ذمہ دار شخص پاکستان کے شناختی کارڈ سے فائدہ تو نہیں اٹھا رہا۔‘
انہوں نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے الیکشن پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’میری ریکارڈنگ محفوظ کرلیں، یہ (مسلم لیگ ن والے) 2023 میں بھی دھاندلی کا کہیں گے۔‘
وزیر داخلہ نے اسلام آباد میں قتل کی گئی سابق سفارتکار کی بیٹی کے مقدمے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال ہے جبکہ ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کے لیے وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں سمری بھیجی جائے گی۔ُ

شیئر: