موسم کی صورتحال: کئی علاقوں میں بارش کا امکان، شمال مشرقی علاقوں میں شدید گرمی
جازان اورعسیر میں سیلاب کا بھی خدشہ ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’منگل کو کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، ہوائیں چلنے اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ جازان اور عسیر میں سیلاب کا بھی خدشہ ہے‘۔
’نجران باحہ اور مکہ مکرمہ کے پہاڑی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ گرد آلود ہواؤں سے ریاض اور قصیم میں حد نظر محدود ہوجائے گی‘۔
الشرقیہ اور حدود شمالیہ کے متعدد مقامات پر بھی یہی صورتحال رہے گی۔ مغربی پہاڑی علاقے بھی غبار آلود ہواؤں کی زد میں ہوں گے۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ساحلی علاقوں پر گرد آلود ہواؤں سےاندھیرا چھا جائے گا۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 47 سینٹی گریڈ الاحسا اور کم سے کم درجہ حرارت 15 سینٹی گریڈ السودہ میں رہے گا‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق موسمیات کے قومی مرکز نے امکان ظاہر کیا ہے کہ’ مملکت کے متعدد علاقوں میں اس ہفتے کے آخر تک بارش کا سلسلہ جاری رہے گا‘۔
’عسیر، باحہ، جازان اور نجران میں بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا، اس کے اثرات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں کے پہاڑی علاقوں تک پھیل جائیں گے‘۔
علاوہ ازیں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ پیر کو سعودی عرب کے دس شہروں میں شدید گرمی کی اطلاعات ہیں۔
قومی مرکز نے ٹوئٹر کے سرکاری اکاؤنٹ پر بتایا کہ ’قیصومہ اور حفر الباطن میں 50 سینٹی گریڈ، الاحسا میں 48.5 سینٹی گریڈ، دمام میں 48.4، رفحا میں 47 اور قصیم میں 46 سینٹی گریڈ گرمی ریکارڈ کی گئی جبکہ ریاض، ینبع، عرعر اور سکاکا میں درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ رہا ہے‘۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ ’منگل کو شمال مشرقی علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی‘۔