’حوثیوں کےجارحانہ حملوں کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ ہیں‘
او آئی سی اور دیگر مکوں نے ڈرونز اور میزائل حملوں کی مذمت کی ہے( فوٹو ٹوئٹر)
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے جازان پر حوثیوں کے ڈرونز اور بیلسٹک میزائل حملوں کی مذمت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ’ عرب اتحاد نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب جازان پر داغے جانے والے بیلسٹک میزائلوں اور بارود بردار ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے قبل گرا کر تباہ کردیا‘۔
ڈاکٹر العثیمین نے کہا کہ ’او آئی سی حوثی ملیشیاؤں کی دہشت گردانہ سرگرمیوں، دولت اور اسلحے سے ان کی مدد کرنے والوں کی مذمت کرتی ہے۔ حوثی سعودی عرب کی سول تنصیبات اور بے قصور شہریوں کو نقصان پہنچانے کے لیے حملے کرتے رہتے ہیں‘۔
انہوں نے حوثیوں کے خلاف او آئی سی کی تائید و حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب اپنے امن و استحکام اور اپنے یہاں مقیم غیرملکیوں اور سعودیوں کی سلامتی کے لیے جو اقدامات کرے گا او آئی سی اس کے ساتھ ہوگی‘۔
بحرین، کویت اور امارات سمیت کئی ملکوں نے حوثیوں کے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ جارحانہ حملوں کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ ہیں۔
حوثی یہ حملے ایسے ماحول میں کررہے ہیں جبکہ اقوام متحدہ یمن میں جنگ بندی کرانے اور کئی برس سے جاری تنازع کے پرامن حل تک رسائی کے لیے مذاکرات کے لیے کوشاں ہے۔