پرائمری اور نرسری میں باقاعدہ تعلیم کب شروع ہوگی؟
12 سال کے طلبہ کو ویکسین کی دوسری خوراک لگائی جائے گی۔ (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت تعلیم نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی خوراکیں لینے والے مڈل اور ثانوی سکولوں میں باقاعدہ حاضری دیں گے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ ’مملکت کی کل آبادی سے 70 فیصد لوگ جب کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں گے تب پرائمری اور نرسری میں باقاعدہ تعلیم شروع ہوگی۔‘
وزارت تعلیم کی ترجمان ابتسام الشہری نے اتوار کو بیان میں کہا ہے کہ ’اگر 30 اکتوبر 2021 تک کل آبادی کے 70 فیصد افراد نے ویکسین کی دونوں خوراکیں نہ لی ہوں تو ایسی صورت میں مذکورہ تاریخ سے نرسری اور پرائمری تعلیم کا باقاعدہ آغاز نہیں ہو گا۔‘
’ اگر 30 اکتوبر 2021 سے پہلے کل آبادی کے 70 فیصد لوگ دونوں خوراکیں لے چکیں ہوں گے تو اسی دن سے نرسری اور پرائمری سکول باقاعدہ کھل جائیں گے‘۔
اس سے قبل وزارت تعلیم نے بیان میں کہا تھا کہ 12 سال سے زیادہ عمر کے طلبہ کو بھی ویکسین کی دوسری خوراک لگائی جائے گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت کا کہنا ہے کہ ’وزارت صحت کے تعاون سے تدریسی عملے سمیت طلبہ کو دو خوراکیں دینے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔‘
’تمام سکولوں میں تدریسی عمل میں حاضری کے لیے دو خوراکیں لازمی قرار دی گئی ہیں۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’29 اگست سے سکولوں کو واپسی ہوگی اور طلبہ سمیت تدریسی عملے کی سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ کورونا ویکسین کے دو انجیکشن لگوائے جائیں۔‘