شاپنگ مالز میں تمام ملازمتوں کی سعودائزیشن، فیصلے پر آج سے عمل درآمد
غیرملکیوں کی جگہ سعودیوں کے تقرر کے لیے ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ ’بدھ 4 اگست 2021 سے شاپنگ مالز کی ملازمتوں میں سعودائزیشن کے فیصلے پرعمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔‘
تجارتی مراکز میں غیر ملکیوں کی جگہ سعودیوں کے تقرر کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت نے بیان میں کہا کہ ’یہ فیصلہ مالز اور ان کے انتظامی دفاتر پر لاگو ہوگا۔ اس سے بعض سرگرمیاں مستثنیٰ ہوں گی۔‘
وزارت افرادی قوت نے نیا فیصلہ لیبر مارکیٹ میں سعودیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے اور ممکنہ حد تک تمام ملازمتیں سعودیوں کے لیے مختص کرنے کے جامع پروگرام کے تحت کیا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت، فروغ افرادی قوت فنڈ (ہدف) کے تعاون سے ایسے تمام پیشوں کے لیے سعودیوں کو ٹریننگ دلا رہی ہے جو ان کے لیے مختص کیے جارہے ہیں۔