ویکسین کی خریداری: اے ڈی بی پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر دے گا
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ حکومت ویکسین کی بروقت فراہمى کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے (فوٹو: وزارت اقتصادی امور)
ایشیائی ترقیاتی بینک کورونا ویکسین کے لیے 50 کروڑ ڈالر کم شرح سود پر فراہم کرے گا۔
وزارت اقتصادی امور کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اس حوالے سے خصوصی تقریب جمعے کے روز اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان، ایشیائی ترقی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کلیو کاواکی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
رقم کی فراہمی کے معاہدے پر وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان، ایڈیشینل سیکریٹری ذوالفقار حیدر اور ایشائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کلیو کاواکی نے دستخط کیے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ حکومت لوگوں کو ویکسین کی بروقت فراہمى کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے نمٹنے کی کامیاب کوششوں پر پاکستان کو عالمی برادری کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر ماتسوگو اسکاوا کا کہنا تھا کہ ویکسین کی فراہمی کورونا کے پھیلاؤ اور اموات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو گی اور پاکستان کے حفاظتی نظام کو مضبوط بنائے گی۔