دینا مدنی اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی ریاض میں افسر تعینات
دینا مدنی اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی ریاض میں افسر تعینات
اتوار 29 اگست 2021 12:27
او آئی سی سیکریٹریٹ میں پولیٹیکل آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دی ہیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی خاتون دینا مدنی مئی 2020 سے ریاض میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی بیرونی تعلقات افسر کے طور پر تعینات ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق دینا مدنی کے تعارفی مضمون میں بتایا گیا ہے کہ ان کی ذمہ داریوں میں سب سے اہم کنگ سلمان ہیومینیٹرین اینڈ ریلیف سنٹر اور سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ساتھ وسائل کو متحرک کرنا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ عطیہ دہندگان اور بیرونی شراکت داروں کے ساتھ مختلف سرگرمیوں اور پروگراموں کو مربوط کرنا ان کے اہم امور میں شامل ہے۔
وہ اقوام متحدہ کی جانب سے مہاجرین کے لیے کام کے بارے میں عوام میں وسیع تر شعور بیدار کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
مملکت میں تعلیمی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ نیٹ ورکنگ اور صلاحیتوں کو ابھارنے کے لیے نئی شراکت داری بنانے کی خواہشمند ہیں۔
وہ سیل اے+ نیٹ ورک کی شریک بانی بھی ہیں جو مئی 2011 میں سعودی عرب میں خواتین کے لیے پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے کے لیے پہلے پلیٹ فارم کے طور پر قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد سعودی عرب میں خواتین کےلیے ہر شعبے میں بہتر مواقع مہیا کرنا ہے۔
مارچ 2010 اور جون 2017 کے درمیانی عرصہ میں دینا مدنی نے جنیوا میں اقوام متحدہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے مستقل مشن میں قائم مقام نائب مستقل نمائندہ اور جدہ میں او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ میں پولیٹیکل آفیسر کی حیثیت سےبھی خدمات انجام دی ہیں۔
دینا مدنی نے جون2011 اور جنوری 2016 کے درمیانی عرصہ میں ورلڈ اکنامک فورم کی رکن بھی رہی ہیں۔
ڈیووس میں منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے 2013 کے سیشن کے دوران دینا مدنی کو عرب سیاق و سباق کے سیشن میں سب سے کم عمر شراکت دار کی حیثیت سے دعوت دی گئی تھی۔
دینا مدنی نے 2008 میں امریکہ کی ٹفٹس یونیورسٹی کے فلیچر سکول سے سفارتکاری اور بین الاقوامی تعلقات میں گریجویٹ ڈپلومہ اور کارنیل یونیورسٹی سے ایگزیکٹو سرٹیفکیٹ حاصل کیا۔
انہوں نے جدہ کی دارالحکمہ یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات اور معاملات میں ماسٹر ڈگری اور اسی یونیورسٹی سے مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم میں بیچلر کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں