گھریلو ملازمین کے تنازعات کے آن لائن تصفیے کے لیے نیا نظام
نئے نظام کی شروعات ریاض سے کی جائے گی(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں ملازمین کے تنازعات کا تصفیہ کرانے والے ادارے کے ڈائریکٹر جنرل سلیمان التویجری نے کہا ہے کہ ’بہت جلد گھریلو ملازمین کے تنازعات کے آن لائن تصفیے کا نظام متعارف کرایا جائے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ نئے نظام کی شروعات ریاض سے کی جائے گی پھر مشرقی ریجن میں اس کا سلسلہ قائم کیا جائے گا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مشرقی ریجن کے دورے کے موقع پر انہو ں نے کہا کہ’ گھریلو ملازمین کے تنازعات کا آن لائن تصفیہ کرانے والی کمیٹیوں کی تشکیل ہوچکی ہے۔ ان کے ذریعے آجر اور اجیر ایک دوسرے کے خلاف شکایات کا اندراج کراسکیں گے اور آن لائن اپنے معاملات کی پیروی کرسکیں گے‘۔
سلیمان التویجری نے بتایا کہ ’گھریلو ملازمین کے لیے ’ودی‘ نظام کے توسط سے اختلافات کے تصفیے کا سلسلہ دو سال قبل شروع کیا گیا تھا۔ اس کے بموجب فریقین کو شکایت کرنے اور آن لائن اس کی پیروی کی سہولت ہوتی ہے‘۔
انہوں نےکہا کہ ’عام ملازمین کے اختلافات آن لائن حل کرانے کے لیے ’ودی‘ سسٹم کامیاب رہا تھا اس کے بعد ہی اسے وسعت دی گئی اور اسے گھریلو عملے پر بھی لاگو کیا جائے گا۔ یہ نظام بتدریج پورے ملک میں نافذ کیا جائے گا‘-