Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سمیت افغانستان کے پڑوسی ممالک کو پناہ گزینوں کے لیے امداد دیں گے: برطانیہ

یو این ایچ سی آر نے کہا ہے کہ سال کے آخر تک مزید پانچ لاکھ افغان شہری اپنے وطن سے نکل سکتے ہیں۔(فوٹو:اے ایف پی)
برطانیہ نے کہا ہے کہ وہ 30 ملین پاؤنڈ (ساڑھے چھ ارب سے زائد) کی امداد جاری کرے گا تاکہ افغانستان کے پڑوسی ممالک کو طالبان کے کنٹرول کے بعد ملک سے فرار ہونے والے مہاجرین سے نمٹنے میں مدد ملے۔
خبررساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانوی حکومت نے جمعہ کو کہا کہ 10 ملین پاؤنڈ فوری طور پر اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی یو این ایچ سی آر اور دیگر انسانی حقوق کے لیے کام کرنے گروپوں کو سرحدوں پر پناہ گاہوں اور صفائی ستھرائی کی سہولیات کے لیے دستیاب کیے جائیں گے۔
بقیہ رقم ان ممالک کو دی جائے گی جنہوں نے ضروری خدمات اور سامان کی فراہمی کے لیے مہاجرین کی ایک خاصی تعداد کی میزبانی کی ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم افغانستان سے نکلنے والوں کی مدد کریں اور وہاں کے بحران سے علاقائی استحکام کو کمزور نہ ہونے دیں۔
یو این ایچ سی آر نے کہا ہے کہ سال کے آخر تک مزید پانچ لاکھ افغان شہری اپنے وطن سے نکل سکتے ہیں۔
خیال کیا جاتا ہے کہ ملک سے فرار ہونے والے بہت سے لوگ پاکستان جا رہے ہیں جبکہ افغانستان کے ایک اور پڑوسی تاجکستان نے ایک لاکھ مہاجرین کو قبول کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
برطانیہ نے خود کہا ہے کہ وہ تقریباً 20 ہزار افغان مہاجرین کو پناہ دے گا جن میں سے پانچ ہزار کی آمد پہلے سال میں متوقع ہے۔
ستمبر کے مہینے کے شروع میں برطانیہ نے اعلان کیا کہ وہ اس سال افغانستان کے لیے اپنی انسانی اور ترقیاتی امداد کو دوگنا یعنی 286 ملین پاؤنڈ کر دے گا اور راب نے جمعرات کو قطر کے دورے پر کہا کہ طالبان کے ساتھ بات چیت کی ضرورت ہے۔

شیئر: