ایئر انڈیا کے طیارے میں چیونٹیوں کی یلغار، پرواز میں تین گھنٹے کی تاخیر
طیارے میں بھوٹان کے شہزادے جگمے نمگیال ونگچک بھی سوار تھے (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کے دارالحکومت دہلی کے اندراگاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے لندن کے لیے ایئر انڈیا کی ایک پرواز پیر کو دن دو بجے اڑان بھرنے ہی والی تھی کہ بزنس کلاس میں چیونٹیوں کی بھرمار دیکھی گئی جس کے بعد یہ پرواز تین گھنٹے سے زیادہ تاخیر کے بعد روانہ ہوئی۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ایئر انڈیا کے جہاز 111-AI کی بزنس کلاس کے حصے میں روانگی سے پہلے چیونٹیوں کی یلغار ہوگئی جس کے بعد ایئر انڈیا نے جہاز تبدیل کیا اور اس کی جگہ دوسرے بوئنگ طیارے 8-787 کو روانہ کیا۔
اس طیارے میں بھوٹان کے شہزادے جگمے نمگیال ونگچک بھی سوار تھے۔
ایسا پہلی بار نہیں ہوا بلکہ رواں سال مئی میں انڈیا سے امریکہ کے ننیوارک ایئرپورٹ جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز کو چمگادڑ کی موجودگی کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔
چمگادڑ کو پکڑنے کے لیے محکمہ جنگلی حیات کے عملے کو طلب کیا گیا تھا جبکہ مسافروں کو دوسرے طیارے میں سوار کرایا گیا۔