سعودی عرب کا امارات سمیت تین ملکوں کے لیے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان
سعودی عرب کا امارات سمیت تین ملکوں کے لیے سفری پابندیاں اٹھانے کا اعلان
منگل 7 ستمبر 2021 21:13
بدھ کو صبح گیارہ بجے سے فیصلے پر عمل درآمد ہوگا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات، جنوبی افریقہ اور ارجنٹائن کے لیے بری، بحری اور فضائی سرحدیں کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ بدھ کو صبح گیارہ بجے سے عمل درآمد ہوگا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بیان میں کہا ہے کہ ’اس سے قبل وبائی اثرات کے پیش نظر متعدد ممالک سے آنے والوں کے لیے مملکت کی بری، بحری اور فضائی سرحدیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔‘
’سعودی عرب کے متعلقہ حکام ملکی اور بین الاقوامی سطح پر وبا کے بدلتے ہوئے حالات پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘
وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ ’نئے حالات کے پیش نظر تین ممالک متحدہ عرب امارات، جنوبی افریقہ اور ارجنٹائن سے آنے والوں کے لیے سعودی عرب کی فضائی، بری اور بحری سرحدیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی شہریوں کو امارات سمیت تینوں ممالک کے سفر کی اجازت دی گئی ہے۔’
’وزارت داخلہ نے سب کو ہدایت کی ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز کی پابندی کرتے رہیں اس حوالے سے بے پروائی نہ برتیں۔‘
’متعلقہ صحت حکام کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی سائنسی بنیادوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ زمینی حقائق کو سامنے رکھ کر ایس او پیز میں ردوبدل کرتے رہتے ہیں۔‘