Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وسیم اکرم کی شعیب اختر پر تنقید،’جس بندے کو تمیز نہیں اسے کچھ نہیں پتا‘

شعیب اختر اور وسیم اکرم کے درمیان سوشل میڈیا پر بیانات کا تبادلہ ہوتا رہتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ’اس وقت ملک میں کوئی ایسا سابق کھلاڑی نہیں جسے قومی ٹیم کا کوچ بنایا جا سکے۔‘
نجی نیوز چینل کے اینکر وسیم بادامی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں وسیم اکرم ان کو بتا رہے ہیں کہ ’تم مجھے نام بتا دو، آپشنز دے دو، میں تمہیں (کوچ) پک کرکے دے دوں گا۔‘
وسیم بادامی نے جب جاوید میانداد کا نام لیا تو وسیم اکرم نے کہا کہ ’جاوید بھائی موجودہ کرکٹ کے ساتھ وابستہ نہیں ہیں۔‘
سوئنگ کے سلطان کہلانے والے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ جاوید میانداد کو بحیثیت کرکٹ کنسلٹنٹ یا ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ لگایا جا سکتا ہے۔ ’لیکن کوچ ہونے کے لیے آپ کو کم سے کم موجودہ کرکٹ سے پچھلے 10 یا 15 سال تک منسلک ہونا چاہیے۔‘
جب وسیم بادامی نے قومی ٹیم کی کوچنگ کے لیے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا نام لیا تو وسیم اکرم نے پنجابی میں کہا کہ ’ہاں تو انوں چیئرمین ہی بنڑا دیو فیر۔ (تو اسے چیئرمین ہی بنا دو پھر) اس کی باتیں پتا نہیں کیوں سیریس لیتے ہو سارے مجھے بلکل نہیں پتا۔‘
وسیم اکرم نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’جس بندے کو تمیز نہیں ہے تو اسے کچھ نہیں پتا زندگی میں۔‘ 
وسیم اکرم کی جانب سے شعیب اختر پر تنقید سے کچھ دن پہلے سابق تیز ترین بولر نے بھی وسیم اکرم پر طنز کے نشتر برسائے تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’اب جیسے وسیم اکرم ہیں ان سے پوچھ لیں وہ اپنے ہر انٹرویو میں کہتے ہیں کہ شعیب اختر کو میں نے کلب میں پکڑا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وسیم اکرم سے پوچھ لیں کہ کبھی وہ ایک دن شعیب اختر کو جم میں بھی لے کر گئے؟ کوئی ایک دن 14 سال میں شعیب اختر کو کان سے پکڑ کر جم میں بھی لے کر گئے ہوں؟‘
انہوں نے کہا کہ وسیم اکرم زندگی بھر خود کلبز میں گھومتے رہے ہیں اگر میں چلاگیا تو کیا ہوا؟

شیئر: