Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین کیمپ میں کورونا، انگلینڈ اور انڈیا کا آخری ٹیسٹ میچ منسوخ

انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے بیان کے مطابق ’انڈین کیمپ میں کورونا کیسزبڑھنے کے خطرے کے پیش نظر انڈیا اپنی ٹیم میدان میں اتارنے سے قاصر ہے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمیئن شپ کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ انڈین کیمپ میں کورونا کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔
یہ میچ جمعے سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ میدان میں شروع ہونا تھا۔
آئی سی سی کے مطابق جمعہ کو انگلش کرکٹ بورڈ نے بیان جاری کیا ہے کہ ’بی سی سی آئی کے ساتھ جاری بات چیت کے بعد ای سی بی اس امر کی تصدیق کرتا ہے کہ انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان آج سے اولڈ ٹریفرڈ میں شروع ہونے والا ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘
بیان کے مطابق انڈین کیمپ میں کورونا کیسزبڑھنے کے خطرے کے پیش نظر انڈیا اپنی ٹیم میدان میں اتارنے سے قاصر ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ نے مزید کہا کہ’ہم مداحوں اور شراکت داروں سے معذرت خواہ ہیں، جس کے بارے میں ہم جانتے ہیں یہ بہت سے افراد کے لیے انتہائی مایوس کن اور تکلیف دہ خبر ہے۔
خیال رہے کہ دو روز قبل انڈین کوچ روی شاستری اور تین دیگر سپورٹ سٹاف ممبران کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جب کہ گذشتہ روز انڈین ٹیم کے مزید ایک سپورٹ سٹاف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انڈیا کو 2-1 سے برتری حاصل ہے۔
اوول میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ میں انڈیا کے 157 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی، لیڈز ٹیسٹ میں فتح انگلینڈ کے نام رہی تھی جبکہ لارڈز ٹیسٹ میں انڈیا نے کامیابی حاصل کی تھی۔
سیریز کے پہلے دو ٹیسٹ میچز چیسٹرلی سٹریٹ اور ٹرینڈ بریج، ناٹنگھم میں کھیلے گئے تھے جو ڈرا رہے۔

شیئر: