کورونا کے باعث پنجاب حکومت نے دوہفتے سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت تمام بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ بند کر رکھی ہے جس کے خلاف ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج ہیں۔
چیئر مین پنجاب ٹرانسپورٹ الائنس عصمت اللہ نیازی نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کو 15 ستمبر تک ٹرانسپورٹ بحال کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے۔
’حکومت نے اگر 15 تاریخ تک ٹرانسپورٹ بحال نہ کی تو ہم گورنر ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے۔ ہر کاروبار کھلا ہے صرف ٹرانسپورٹ بند کی گئی ہے۔ کیا کورونا صرف بسوں کے ذریعے پھیل رہا ہے؟ اس کی کوئی منطق نہیں کہ آپ ہزاروں لوگوں سے روزگار چھین لیں۔‘
مزید پڑھیں
-
’میسج کا انتظار کیے بغیر ویکسین کی دوسری خوراک‘Node ID: 597231
خیال رہے کہ حکومت پنجاب نے ایک حکم نامے کے ذریعے 4 ستمبر سے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کورونا کی چوتھی لہر کے باعث بند کر رکھی ہے۔ پنجاب کے کسی بھی شہر سے لوگ بسوں اور ویگنوں کے ذریعے سفر نہیں کر سک رہے ہیں۔
پیر کے روز لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، گجرات اور ڈیرہ غازی خان میں ٹرانسپورٹرز تنظیموں نے لاری اڈوں میں احتجاجی بینرز لگائے، جبکہ لاہور میں دو مقامات پر احتجاج کیا گیا۔
عصمت نیازی نے بتایا ’ہمارا صرف ایک مطالبہ ہے کہ ٹرانسپورٹ بندش کو فوری ختم کیا جائے۔ پہلے ہی کورونا کے باعث ہمارے کاروبار شدید دباؤ میں چل رہے ہیں۔ سرکاری ٹرین چل رہی ہے لیکن بسیں بند کر دی گئی ہیں۔‘
دوسری طرف ایک شہر سے دوسرے شہر جانے کے لیے شہری دوسرے طریقے استعمال کر رہے ہیں۔ جس میں کار پول آن لائن سروسز سب سے زیادہ استعمال ہو رہی ہیں۔
