بیرون ملک سے رقوم پر ٹیکس ختم، ڈالر مزید مہنگا، کورونا ٹیسٹ پر امارات کے تحفظات سمیت گذشتہ ہفتے کی پاکستان سے اہم خبریں
بیرون ملک سے رقوم پر ٹیکس ختم، ڈالر مزید مہنگا، کورونا ٹیسٹ پر امارات کے تحفظات سمیت گذشتہ ہفتے کی پاکستان سے اہم خبریں
ہفتہ 18 ستمبر 2021 0:04
پاکستان کے وزیر داخلہ نے سیریز منسوخی کے حوالے سے کہا تھا کہ ملک میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
گذشتہ ہفتے پاکستان میں جو سب سے نمایاں اور مایوس کن خبر رہی وہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے آنے کے باوجود کرکٹ سیریز کو منسوخ کرنا تھا۔ کابل کے لیے پی آئی کی پروازوں کا آغاز، نورمقدم کیس میں اہم پیشرفت اور پاکستانی ایئرپورٹس پر کورونا ٹیسٹ سے متعلق امارات کے تحفظات سے متعلق خبریں نمایاں رہیں۔
گذشتہ ہفتے پاکستان سے چند اہم خبریں:
دستانے پہنے ہاتھوں نے سازش کے تحت دورہ منسوخ کرایا: شیخ رشید
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے دورے کے حوالے سے ایسی کوئی تھریٹ نہیں ہے، نہ موصول ہوئی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ دستانے پہنے ہاتھوں نے سازش کے ذریعے دورے کو منسوخ کیا۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان کے کسی ادارے کے پاس کوئی بھی تھریٹ کی اطلاع نہیں تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نور مقدم کیس: ’کالز ریکارڈ سے ثابت نہیں ہوتا کہ ظاہر جعفر نے والد کو کیا کہا‘
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق کی عدالت میں نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین ذاکر جعفر اور عصمت ذاکر کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری میں درخواست گزار وکیل کے دلائل مکمل ہو گئے ہیں۔
پاکستانی ایئرپورٹس پر ہونے والے کورونا ٹیسٹس پر امارات کو تحفظات
متحدہ امارات نے پاکستان کے ہوائی اڈوں پر ہونے والے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
اردو نیوز کے پاس موجود نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے تحریر کیے گئے خط کے مطابق ’اگست کے مہینے میں پاکستان کے ایئرپورٹس سے 75 ہزار افراد متحدہ عرب امارات روانہ ہوئے، منفی ریپڈ پی سی آر کے باجود متحدہ عرب امارات پہنچنے پر 684 مسافروں کا کورونا مثبت پایا گیا ہے۔‘
متحدہ امارات نے پاکستانی ایئرپورٹس پر ہونے والے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
’پاکستان سے تعلقات کا ازسرنو جائزہ لینے کا امریکی بیان حیران کن ہے‘
پاکستان نے امریکہ سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کے پاکستان کے ساتھ تعلقات کے ازسر نو جائزے کے بیان کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیان حالیہ برسوں میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون سے مطابقت نہیں رکھتے۔
ڈویژن کی سطح پر میٹنگز میں پارٹی قائد نواز شریف وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرتے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
نوازشریف یا شہباز شریف: ن لیگ میں جاری کشمکش کا نتیجہ کیا ہوگا؟
پاکستان میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن نے حال ہی میں ڈویژن کی سطح پر اپنی تنظیم کے عہدیداروں کی طویل میٹنگز شروع کی ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ان کمرہ بند اجلاسوں میں پارٹی قائد نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہو رہے ہیں۔ پارٹی ترجمان کے مطابق یہ اجلاس 15 ستمبر سے 30 ستمبر تک جاری رہیں گے۔
خواتین کے لیے بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے لیے انکم سرٹیفکیٹ کی شرط ختم
ملک میں خواتین کو بینک اکاؤنٹ کھولنے میں حائل مشکلات کو ختم کرنے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ انہیں وہ اضافی سہولیات دی جائیں گی جو مردوں کو حاصل نہیں۔
کورونا، دو سال میں چھ ہزار پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز بیرون ملک گئے
کورونا وبا کے باعث پاکستان سے بیرون ملک جانے والے افراد کی تعداد میں اگرچہ بہت زیادہ کمی واقع ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان سے صحت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی مانگ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
بیرون ملک سے ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے بھیجی گئی رقوم پر ٹیکس ختم کیا گیا ہے۔ (فوٹو: روئٹرز)
افغانستان کے لیے تجارتی راہداری بننے کی وجہ سے پاکستان میں ڈالر مزید مہنگا
انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت پاکستانی تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی اور ڈالر مزید 85 پیسے مہنگا ہو کر 168.95 روپے پر فروخت کیا جانے لگا۔ اس کی بنیادی وجہ افغانستان میں سیاسی صورت حال اور وہاں کی اشیا کی پاکستان کے ذریعے درآمد کو کہا جا رہا ہے۔
’چھوٹی گاڑیوں کے سامان کی درآمد پر ڈیوٹی ختم، قیمت میں کمی آئے گی‘
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ایک ہزار سی سی سے کم انجن والی چھوٹی گاڑیوں کے سامان کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی ہے جس سے ان گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔