ریاض(ذکاءاللہ محسن) مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے سلسلے میں پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اہلیان ریاض کی سرکردہ شخصیات سمیت تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔تقریب کی نظامت کے فرائض فیصل علوی نے ادا کیے۔ تلاوت قرآن کریم عمران ظہیر نے پیش کی ۔عبدالغفار مجاہد نے ملی نغمہ پیش کیا۔ تحریک پاکستان میں اہلحدیث کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سعودی عرب مولاناعبدالمالک مجاہد نے کہا علماء کرام کی خدمات ہر دور میں رہی۔ تحریک پاکستان میں علماء کرام کے کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ تحریک پاکستان کےشہداء نے اسلام کے نام سے پاکستان حاصل کیا۔قرارداد پاکستان نے دنیا کا نقشہ بدل دیا اور پاکستان معرض وجود میں آیا۔ مولانا عبدالمالک مجاہد نے پاکستان کو کمزور کرنے والی طاقتوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا میں قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور یہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ سید سبطین شاہ نقوی نے تحریک پاکستان اور اتباع سنت کے موضوع پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یقینا پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیاگیا۔ہمیں اپنی نوجوان نسل کو سیرت النبی پر چلنے کی تعلیم دینی ہوگی۔ یوم پاکستان کی تقریب میں رانا خادم حسین نے کہا کہ یوم پاکستان جیسے موقعوں پر اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے۔ لاکھوں قربانیوں کے بعد اللہ رب العزت نے ہمیں پیارا پاکستان دیا۔