ہیومن رائٹس کمیشن اور سعودی فلاحی انجمن برائے الزائمر میں معاہدہ
ہیومن رائٹس کمیشن اور سعودی فلاحی انجمن برائے الزائمر میں معاہدہ
پیر 20 ستمبر 2021 19:37
الزائمر کے مریضوں کے حوالے سے آگہی مہم چلائی جائے گی( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ہیومن رائٹس کمیشن اور سعودی فلاحی انجمن برائے الزائمر نے پیر کو ریاض میں الزائمر کے مریضوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی قوانین اور بین الاقوامی معاہدوں نے الزائمر کے مریضوں کے لیے جو حقوق مقرر کیے گئے ہیں مفاہمتی یادداشت کے تحت ان کا تحفظ کیا جائے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ہیومن رائٹس کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر عواد بن صالح العواد اور سعودی فلاحی انجمن برائے الزائمر کی ڈپٹی چیئرپرسن شہزادی مضاوی بنت محمد بن عبداللہ بن عبدالرحمن نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
یادداشت کے بموجب فریقین الزائمر کے مریضوں کے حوالے سے ملک میں آگہی مہم چلائیں گے۔ الزائمر کے مریضوں کےلیے آگہی پروگرام منظم کریں گے۔
مریضوں کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے والے قوانین اجاگر کیے جائیں گے۔علاوہ ازیں ان صورتوں سے معاشرے کو آگاہ کیا جائے گا جن میں کوئی بھی خاندان الزائمر کے اپنے مریض کو فلاحی انجمن کے حوالے کرسکے گا۔