Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی یونانی بزنس کونسل کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھایا جائے گا( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی چیمبرز کی کونسل نے سعودی عرب اور یونان کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے سعودی یونانی بزنس کونسل کے قیام کے لیے ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
عرب نیوز نے سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا ہے کہ کونسل  کا مقصد معاشی تعاون کے لیے نئے علاقے کھولنا، سعودی اور یونانی کاروباری شعبوں کے درمیان مسلسل رابطے کو آسان بنانا اور کاروبار میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔
نئی کونسل دستیاب مارکیٹوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کرے گی، تجارتی اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کو فعال کرے گی اور دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کو معاشی تعلقات بہتر بنانے کے لیے سفارشات فراہم کرے گی۔
معاہدے میں کہا گیا ہے کہ مشترکہ بزنس کونسل سعودی اور یونانی کاروباری مالکان کے نمائندوں پر مشتمل ہو گی جو سرمایہ کاری اور تجارت میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
یہ کونسل ریاض اور ایتھنز میں وقتاً فوقتاً ملاقاتیں کرے گی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
اقوام متحدہ کے کامٹریڈ ڈیٹا بیس کے مطابق 2020 میں سعودی عرب کو یونانی برآمدات کم ہو کر 339 ملین ڈالر رہ گئیں جو 2019 میں 800 ملین ڈالر سے زیادہ تھیں۔ اس میں سے 202.5 ملین ڈالر ایندھن اور ڈسٹیلیٹس تھے اور 18.6 ملین ڈالر سبزیوں، پھلوں اور نٹ کی تیاری کے لیے تھے۔
سعودی عرب نے 2019 میں یونان کو 184.2 ملین ڈالر کا سامان برآمد کیا جس میں سے 111.9 ملین ڈالر پلاسٹک جبکہ 47.5 ملین ڈالر کا تانبا تھا۔

شیئر: