Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیونس میں صدر نے پہلی خاتون وزیراعظم کو نامزد کر دیا

رواں سال جولائی میں صدر قیس سعید نے سابق وزیراعظم کو برطرف کرنے کے بعد پارلیمنٹ کو معطل کر دیا تھا۔ فوٹو: روئٹرز
تیونس کے صدر قیس سعید نے ملک میں پہلی خاتون وزیراعظم کو نامزد کیا ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق تیونس کے صدر نے ناجلا بودن رومدھانی سے کہا ہے کہ وہ بطور وزیراعظم فوری طور پر اپنی حکومت تشکیل دیں۔
صدارتی دفتر سے جاری ایک بیان میں ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم کو نامزد کرنے کے ساتھ ان سے اپنی حکومت اور کابینہ تشکیل دینے کے لیے کہا گیا ہے۔
مقامی ایف ایم چینل کے مطابق ناجلا بودن رومدھانی یونیورسٹی میں انجینئرنگ کے شعبے میں پروفیسر ہیں اور ان کے پاس ورلڈ بینک کے ساتھ کام کرنے کا بھی تجربہ ہے۔
خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں صدر قیس سعید نے سابق وزیراعظم کو برطرف کرنے کے بعد پارلیمنٹ کو معطل کر دیا تھا اور انتظامی اختیارات حاصل کر لیے تھے جس کے بعد ان پر اندرون ملک اور عالمی دباؤ بڑھ رہا تھا کہ وہ نئی حکومت تشکیل دیں۔

شیئر: