پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، اپوزیشن کا شدید احتجاج
پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے اراکین نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج اور حکومت مخالف نعرے بازی کرنے کے بعد دونوں ایوانوں میں جاری اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا۔
جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اپوزیشن کے ارکان نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر پٹرول کی قیمتوں کے خلاف نعرے درج تھے۔
احتجاج میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی کے ارکان نے حصہ لیا۔
حکومت کے اتحادی گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی ایک رکن نے بھی بینر اٹھا کر مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا جبکہ حکومت کی ایک اور اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی اقبال محمد علی خان نے بھی پیٹرول کی قیمت میں اضافے کو نامنظور کہا۔
احتجاج کے بعد مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف نے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا جس کے بعد اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔
پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ’وزیرخزانہ پارلیمنٹ نہیں آ رہے اور پٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف واک آؤٹ کرتے ہیں۔‘