Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان کے بیٹے کے بین الاقوامی منشیات فروشوں سے تعلقات ہیں: این سی بی

ممبئی کی عدالت نے آریان خان کو 7 اکتوبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وڈ کے بادشاہ کہلانے والے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا ہے۔
انہیں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایک کروز سے چھ مزید افراد کے ساتھ حراست میں لیا گیا تھا۔ انہیں عدالت میں پیش کردیا گیا ہے اور انڈین میڈیا کے مطابق ان پر ڈرگز خریدنے، رکھنے اور استعمال کرنے جیسے الزامات ہیں۔
ممبئی کی عدالت نے انہیں 7 اکتوبر تک پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔
این سی بی نے الزام لگایا ہے کہ آریان خان کی فون چیٹ سے پتہ چلا ہے کہ ان کی بین الاقوامی منشیات فروشوں سے پیسوں اور ڈرگز کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
انڈین فلم انڈسٹری کے زیادہ تر بڑے نام اس کیس پر چپ سادھے ہوئے ہیں تاہم بالی وڈ میں ’انا‘ کے نام سے مشہور سنیل شیٹی نے اس معاملے پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے انڈین نیوز ایجنسی ’اے این آئی‘ کو بتایا کہ ’جب بھی کوئی چھاپہ پڑتا ہے تو بہت سارے لوگوں کو لے کر جایا جاتا ہے۔ ہم فرض کرلیتے ہیں کہ بچے نے یقیناً کچھ استعمال کیا ہوگا۔‘
’اس بچے کو موقع دیں اور صحیح معلومات سامنے آنے دیں۔ وہ ایک بچہ ہے اور اس کی دیکھ بھال کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔‘
بالی وڈ کی مشہور اداکارہ پوجا بھٹ نے بھی ایک ٹوئیٹ میں لکھا کہ وہ شاہ رخ خان سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں اور یہ وقت بھی گزرجائے گا۔
بالی وڈ کے بھائی کہلانے والے سلمان خان نے اس حوالے سے کچھ نہیں کہا تاہم ’فلم فیئر‘ کے مطابق وہ منت کے علاقے میں شاہ رخ خان کے گھر ان سے ملنے گئے۔
اس کے علاوہ شاہ رخ خان کے پرستار بھی ان کے گھر کے باہر ان سے یکجہتی کا اظہار کرنے جارہے ہیں۔

شیئر: