آئی آیس آئی کے سربراہ کو چارج سنبھالنے میں آٹھ سے دس دن لگیں گے: شیخ رشید
وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئی آیس آئی کے نئے سربراہ کو چارج سنبھالنے میں آٹھ سے دس دن لگیں گے۔
جمعے کو پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے اختتام کے بعد جب ایک صحافی نے وزیر داخلہ شیک رشید سے سوال کیا کہ اجلاس میں آئی ایس آئی کے نئے سربراہ شریک ہوئے یا پرانے؟ شیخ رشید نے جواب دیا کہ ’ابھی بھی آٹھ دس دن لگنے ہیں آئی ایس آئی کے نئے سربراہ کو چارج سنبھالنے میں۔‘
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہوئے۔
پاکستان کے وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، افغانستان میں ہونے والی پیشرفت اور اس کے پاکستان پر ممکنہ اثرات کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی۔
قومی سلامتی کی کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پُرامن، مستحکم اور خودمختار افغانستان کا خواہاں ہے۔‘
کمیٹی نے افغانستان میں خراب انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے افغانستان کو مدد فراہم کی جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے افغانستان سے بین الاقوامی انخلا کی کوششوں میں پاکستان کی مدد پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا ہے کہ پوری دنیا نے پاکستان کے مثبت شراکت کو سراہا۔
قومی سلامتی کے کمیٹی نے کہا کہ خطے میں صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے اور افغانستان میں عدم استحکام کے پاکستان کے لیے شدید مضمرات ہو سکتے ہیں۔
وزیراعظم نے افغانستان میں حکومت کی مختلف کوششوں کو ہم آہنگ کرنے کے لیے ایک خصوصی سیل قائم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال سے متعلق مربوط پالیسی کی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔