اسمگلرز پیٹ میں کوکین چھپا کرلارہے تھے (فوٹو، ٹوئٹر)
ٹیکس اورکسٹم اتھارٹی نے ریاض اور جدہ میں کوکین اسمگلنگ کی 2 کارروائیوں کو ناکام بناتے ہوئے اسمگلرز کو گرفتار کرلیا ہے ـ ملزمان سے مجموعی طورپر ڈْیڑھ کلو گرام کوکین برآمد کرلی گئی ـ
سبق نیوز نے زکوۃ ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کے حوالے سے کہا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کی 2 الگ الگ کارروائیوں میں کسٹم اہلکاروں نے کوکین اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی ـ
اتھارٹی کی جانب سے جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ریاض کے شاہ خالد بین الاقوامی ہوائی اڈے پرمتعین کسٹم اہلکاروں نے ایک مسافرکو روکا جس پر شک تھا کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہو سکتا ہے ـ
مسافر کے سامان کی تلاشی لینے پر اس سے کچھ برآمد نہ ہوا جس پر اہلکاروں نے مسافر کی تفصیلی تلاشی لی ایکسرے لینے پر معلوم ہوا کہ اس کے پیٹ میں غیرمعمولی سائز کے کیپسول ہیں ـ
ذرائع کا کہنا تھا کہ مذکورہ مسافر کے پیٹ سے کوکین کے 91 کیپسول برآمد ہوئے جن میں 588 گرام کوکین بھری ہوئی تھی ـ
اسمگلنگ کی دوسری کارروائی کو جدہ کی بندرگاہ پرناکام بنایا گیا جس میں بحری جہاز سے آنے والے ایک شخص کے پیٹ سے برآمد ہونے والے کیپسولوں سے 658 گرام کوکین برآمد کرلی گئی ـ
کسٹم اہلکاروں نے ملزمان کو محکمہ انسداد منشیات کے سپرد کردیا جہاں انکے خلاف مقدمہ دائر کرکے انہیں فوجداری عدالت کے حوالے کیا جائے گا