کشمیر میں تشدد میں اضافہ، مزید دو انڈین فوجی جھڑپ میں ہلاک
جمعہ 15 اکتوبر 2021 21:35
گزشتہ دوو ہفتوں سے وادی کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے انڈین فوج کے ایک افسر اور ایک اہلکار کو ہلاک کر دیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سرینگر میں انڈین فوج کے ترجمان کرنل دویندر انند کے حوالے سے کہا ہے کہ وادی کشمیر کے جنوبی علاقے میں واقع ایک جنگل میں انڈین فوجی عسکریت پسندوں کا پیچھا کر رہے تھے جب فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے وادی کشمیر میں کشیدہ صورتحال کے باعث 22 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
تین دن قبل عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپوں میں پانچ انڈین فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے مندھر کے علاقے میں پولیس نےعسکریت پسندوں کی تلاش تیز کر دی ہے۔
ایک ہفتہ پہلے عسکریت پسندوں کے حملے میں سات شہری ہلاک ہو گئے تھے جن میں سے تین کا تعلق سکھ اور ہندو برادری سے تھا۔
ٹارگٹ کلنگ کے خوف سے اقلیتی برادریوں کے چند ارکان وادی کشمیر سے نقل مکانی کر گئے ہیں۔
1990 کی دہائی میں بھی پرتشدد واقعات میں اضافے کے بعد ہزاروں کی تعداد میں ہندو علاقہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے تھے۔
گزشتہ دو ہفتوں کے دوران فوجی چھاپوں اور لڑائی میں آٹھ مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں، جبکہ رواں سال 120 افراد ہلاک ہوئے۔
ایک ہلاک ہونے والے مشتبہ نوجوان کے اہل خانہ کے مطابق حالیہ حملوں سے اس کا کوئی تعلق نہیں تھا۔
اہل خانہ کے مطابق انڈین فوج نے نوجوان کو حراست میں لیا اور اسی دوران جھوٹے واقعے میں قتل کر دیا۔