Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان کا ’سستے کرایوں کے ساتھ‘ پی آئی اے کی پروازیں بحال کرنے کا مطالبہ

افغان شہریوں اور حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ پُرامید ہیں کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) جلد ہی کابل کے لیے فضائی آپریشن سستے کرایوں میں بحال کرے گی جیسا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے سے پہلے تھا۔
عرب نیوز کے مطابق اگست میں طالبان کے افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد پی آئی اے نے کابل سے اسلام آباد کے لیے خصوصی پروازیں بحال کی تھیں جس کی وجہ سے بہت سے افغان شہری جو نئی حکومت اور معاشی بحران سے فرار چاہتے تھے پاکستان آ گئے تھے۔ 
تاہم بہت سی ایئرلائنز نے افغانستان کے لیے اپنی پروازیں بند کر دیں جبکہ پی ٓئی اے کی پروازوں کے ٹکٹ افغان شہریوں کی پہنچ سے باہر ہو گئے۔
کابل میں ایک ٹریویل ایجنٹ کے مطابق پی آئی اے کا ٹکٹ 2,500 ڈالر میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ طالبان کے اقتدار میں آنے سے قبل یہ 120 سے 150 ڈالر میں فروخت ہوتا تھا۔
رواں ہفتے کے اوائل میں طالبان کی وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں ایئرلائن کو کابل اسلام آباد کے لیے پروازوں کے ٹکٹوں کی مناسب فروخت کا کہا گیا تھا۔ وزارت نے تنبیہہ کی تھی کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ کابل ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
پی آئی اے حکام نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے طالبان کے غیر پیشہ ورانہ رویے کی وجہ سے کابل کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔
طالبان کلچرل کمیشن کے ممبر اور ترجمان بلال کریمی نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز اسلامک امارات ٹرانسپورٹ اینڈ ایوی ایشن کے مطالبے کو سمجھے گی اور اس پر عمل کرے گی۔‘
’ہم ان عام افغان شہریوں کو ایک ذریعہ فراہم کرنا چاہتے ہیں جو پاکستان جانا چاہتے ہیں لیکن ان کے پاس اتنا بجٹ نہیں ہے۔‘
کابل یونیورسٹی میں معاشیات کے پروفیسر سید مسعود سمجھتے ہیں کہ ’اسلام آباد جانے کی ڈیمانڈ بڑھ گئی ہے، ہر کوئی جلد سے جلد اسلام آباد پہنچنا چاہات ہے تاکہ وہ وہاں سے کسی اور جگہ جا سکے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز زیادہ پیسہ کمانے کے لیے ایسا کر رہی ہے۔‘
اگرچہ پی آئی اے نے یہ اعلان نہیں کیا کہ آیا افغانستان کے لیے پروازیں بحال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے یا ایسا کب ہوگا تاہم ایئرلائنز کے کابل میں نمائندے احمد سلیم روحانی نے عرب نیوز کو بتایا کہ وہ پُرامید ہیں کہ سستے کرایوں کے ساتھ فلائیٹ آپریشن جلد بحال ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ایک بار پروازیں بحال ہو گئیں تو ہمیں امید ہے کہ ٹکٹیں کم قیمتوں پر واپس آ جائیں گی۔‘
 

شیئر: