Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں ’ہیروز‘ کی رہائش گاہوں، دفاتر پر معلوماتی تختیوں کی تنصیب

لاہور کے ماضی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے متعلق تختیاں نصب کی گئی ہیں (فوٹو: کمشنر لاہور، ٹوئٹر)
پاکستان کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں مقیم رہنے والی مشہور شخصیات کی رہائش گاہوں اور ان کے دفاتر پر ایسی معلوماتی تختیاں نصب کی جا رہی ہیں جس میں ان کی پیدائش و وفات کی تاریخیں بھی درج ہیں۔
کمشنر لاہور محمد عثمان یونس نے ایسی ہی کچھ تختیوں کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ ان میں سردار دیال سنگھ مجیٹھیا، سید امتیاز تاج علی، میاں افتخار الدین، فیض احمد فیض اور مولانا ظفر علی خان کے نام شامل ہیں۔
محمد عثمان یونس نے تختیاں لگانے کی وجہ کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ’ہماری تاریخ کے امین، ہمارے ہیروز کی جائے رہائش اور دیگر اہم مقامات پر پہچان کی تختیاں آویزاں کی جا رہی ہیں۔ نوجوان نسل کو تاریخ سے روشناس کروانے اور سیاحتی اعتبار سے  فائدہ ہو گا۔‘

کمشنر لاہور کی جانب سے ٹویٹ کے بعد جہاں بہت سے افراد نے اس عمل کو سراہا وہیں کچھ نے ایک غلطی کی نشاندہی کی تو ساتھ ہی ان شخصیات اور تاریخی مقامات سے متعلق معلومات کو مزید پھیلانے کے طریقے بھی بتائے۔
ادیب اور مصنف سید امتیاز علی تاج سے متعلق تختی پر ان کے یہاں قیام سے متعلق تاریخ میں غلطی دیکھ کر بہت سے صارفین نے اس پر توجہ دلائی تو کشمنر کے اکاؤنٹ سے اسے درست کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
شہر کی مختلف سڑکوں کے ناموں کا ذکر کرنے والے ایک صارف نے تجویز دی کہ ان سڑکوں کی ابتدا میں مذکورہ شخصیات سے متعلق تختی نصب کر کے ان سے متعلق معلومات شیئر کی جائیں۔

ایک ٹویپ نے لاہور شہر کے سیاحتی نقشے کا ذکر کیا تو توقع ظاہر کی کہ ’جلد یہ بھی دیکھنے‘ کو ملے گا۔

محمد بلال نامی صارف نے کمشنر کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا ’بہتر ہوگا کہ ان مقامات کو گوگل میپ پر بھی ٹیگ کروا دیں، اور ان کے بارے میں وکی پیڈیا پر مضمون ڈالیں، سیاح کسی بھی ملک میں جانے سے پہلے اس کے بارے میں تحقیق کرتے ہیں، ہمارے ملک کے بارے میں بہت کم معلومات دستیاب ہیں۔‘
کمشنر کی ٹویٹ پر تبصرے کے دوران صارفین نے شہر کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے تجویز دی کہ انہیں بھی حل کیا جائے۔

ولید ملک نامی صارف گفتگو کا حصہ بنے تو کمشنر لاہور کو لکھا کہ ’سر لاہور میں فعال سٹریٹ لائٹس، جانوروں کے داخلے پر پابندری، آلودگی اور پرائس کنٹرول‘ کے معاملات حل کیے جائیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کی تختیوں سے متعلق گفتگو کے دوران لاہور سنگت نامی ہینڈل نے لکھا کہ یہ تختیاں ان کی جانب سے لگائی گئی ہیں۔ گذشتہ ایک برس کے دوران اب تک 25 نامور شخصیات سے متعلق معلوماتی تختیاں نصب کی گئی ہیں۔

شیئر: