Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بیگم شک کرے ڈو ڈو‘: ابرارالحق کے گانے پر سوشل میڈیا پر بحث

ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ابرار نے گانا برباد کر دیا ہے۔ (فوٹو: سکرین شاٹ)
چند ماہ قبل ابرارالحق نے ایک سرکاری تقریب میں پاکستانی ماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج کل کی مائیں بچوں کو موبائل فون پکڑا دیتی ہیں اور اس پر بچوں کا گانا ’بے بی شارک ڈو ڈو‘ بج رہا ہوتا ہے۔
انہوں نے اس تقریب کے دوران ’بے بی شارک ڈو ڈو‘ گنگنایا بھی تھا۔
ابرارالحق نے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ جب وہ بچے تھے تو ان کی ماں انہیں کلمہ سناتی تھیں لیکن آج کے بچے کو ماں فون دے دیتی ہے اور اس پر لگا ہوتا ہے ’بے بی شارک ڈو ڈو ڈوڈو، بے بی شارک‘۔
تقریر کے بعد خصوصاً خواتین کی جانب سے ان کو کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لیکن اس تنقید کے باوجود ابرار الحق نے جو نیا گانا بنایا ہے اس کی دھن ’بے بی شارک ڈو ڈو‘ کی کاپی ہے۔
گانے کے بول ہیں ’بیگم شک کرے ڈو ڈو ڈو ڈو‘ اور اس گانے میں پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر بھی ہیں، جنہیں ایک شک کرنے والی بیوی دکھایا گیا ہے۔
اس نئے گانے پر رابعہ بلوچ نامی صارف نے لکھا کہ ’میرے نزدیک ابرار الحق نے بے بی شارک کو برباد کر دیا ہے۔‘
جاسر شہباز نامی صارف نے بھی ابرارالحق کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ’ابرارالحق کو شرم چھو کے نہیں گزری، پہلے ان ماؤں کا مذاق اڑایا جو اپنے بچوں کے لیے بے بی شارک سناتی ہیں اور اب بے بی شارک کا یہ ورژن گا دیا بیویوں سے متعلق جوکس پر۔‘
تاہم یوٹیوب پر صارف ان کے گانے کی تعریف بھی کر رہے ہیں۔ منال خان نامی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ان گانوں کے حوالے سے سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اس سے موڈ فوراً اچھا ہو جاتا ہے۔‘
نوید اقبال نامی یوٹیوب صارف نے لکھا کہ ’ابرار الحق وہ شخص ہیں جو ہمیشہ عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ہیں۔‘
اس گانے کو اب تک پانچ لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ ابرارالحق کے ساتھ صبا قمر پر بھی تھوڑی سی تنقید دیکھنے میں آ رہی ہے۔
حرا عظمت نامی صارف نے کہا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ صبا قمر نے عرفان خان سے ابرار الحق تک کا سفر کیسے طے کیا۔
صبا قمر متعدد پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں کام کے ساتھ ساتھ انڈیا میں آنجہانی اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ’ہندی میڈیم‘ میں بھی کام کر چکی ہیں۔

شیئر: