فلسطینی تنظیموں کو دہشت گرد قرار دینے پر امریکی کانگریس میں اسرائیل کے خلاف قرارداد
فلسطینی تنظیموں کو دہشت گرد قرار دینے پر امریکی کانگریس میں اسرائیل کے خلاف قرارداد
جمعہ 29 اکتوبر 2021 17:43
اسرائیل نے چھ فلسطینی تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
امریکی رکن کانگریس بٹی میک کولم نے اسرائیل کے فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیموں کو ’دہشت گرد گروہ‘ قرار دینے کے خلاف قرار داد پیش کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق رکن کانگریس اور ایوان نمائندگان کی دفاعی ایپروپری ایشن کی ذیلی کمیٹی کی سربراہ بٹی میک کولم نے جاری بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت کا ایسی انسانی حقوق کی تنظیموں جو فوجی قبضے میں رہنے والے کمزور افراد کی نمائندگی کرتی ہیں، انہیں خاموش کرنے کے لیے ’دہشت گرد‘ کا لیبل ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا انتہائی کمزوری کی علامت ہے، ایسا جمہوری نظام کے بجائے آمرانہ حکومت کے تحت کیا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیل کے وزیر دفاع بینی گانٹز نے گزشتہ ہفتے انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی چھ فلسطینی تنظیموں کو بطور ’دہشت گرد‘ نامزد کیا تھا۔ اسرائیل کے اس اقدام کے باعث ان تنظیموں کے دفاتر بند، اثاثے منجمد اور اہلکاروں کو بغیر مقدمے کے گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
امریکی رکن کانگریس بٹی میک کولم نے قراد دار کے ساتھ منسلک اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ اسرائیل کا ان نمایاں فلسطینی سول سوسائٹی گروپس کو دہشت گرد کے طور پر لیبل کرنے کا فیصلہ اس حقیقت کو بے نقاب کرتا ہے کہ اسرائیل کا قبضہ پرتشدد، غیر اخلاقی اور غیر منصفانہ ہے۔
اسرائیلی حکومت کی جانب سے دہشت گرد قرار دی جانے والی چھ تنظیموں میں الحق، الضمیر، فلسطینی بچوں کا دفاع، زراعتی کمیٹی، بسان ادارہ برائے ترقی اور ادارہ برائے فلسطینی خواتین شامل ہیں۔
دہشت گرد قرار دی گئی الضمیر تنطیم قیدیوں کو قانونی معاونت فراہم کرتی ہے اور گرفتاریوں اور حراست کے حوالے سے معلومات اکھٹی کرتی ہے۔ جبکہ الحق تنظیم انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق کام کرتی ہے۔
خیال رہے کہ ایوان نمائندگان کی جس ذیلی کمیٹی کی سربراہی میک کولم کرتی ہیں وہ عالمی سطح پر مالی معاونت میں اثر و رسوخ رکھتی ہے۔
میک کولم کے مطابق ’امریکہ ہمارے ٹیکس کے پیسے سے اربوں ڈالر اسرائیل کی سکیورٹی کے لیے ادا کرتا ہے، نہ کہ اسرائیل کے قابض نظام اور فلسطینیوں پر جبر کرنے کے لیے۔ لہٰذا ایوان نمائندگان کے ڈیموکریٹ اراکین اور بائیڈن انتظامیہ پر لازم ہے کہ وہ اسرائیل کے اس فیصلے کی مذمت کریں اور واضح کریں کہ فلسطینی سول سوسائٹی پر غیر جمہوری جبر نہیں برداشت کیا جائے گا۔‘
اسرائیل کے فلسطینی تنظیموں کو دہشت گرد نامزد کرنے کے فیصلے کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے۔