پاکستان میں ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والے تارکین کی سعودی عرب واپسی کیسے؟
پاکستان میں ویکسین کی دو خوراکیں لگوانے والے تارکین کی سعودی عرب واپسی کیسے؟
ہفتہ 30 اکتوبر 2021 0:05
مملکت آنے سے پہلے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانے کے احکامات ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب میں محکمہ جوازات نے مملکت میں کام کرنے والے تارکین وطن کی ویکسینیشن کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ افراد جنہوں نے جانے سے قبل مملکت میں کورونا ویکسین کی دنوں خوراکیں لگوائی تھیں وہ براہ راست مملکت آسکتے ہیں۔
یہ جواب جوازات کے ٹوئٹر پر کیے جانے والے ایک سوال پر دیا گیاا۔ ایک شخص نے سوال کیا تھا کہ ’پاکستان سے تعلق رکھنے والے کارکن جن کا ویزا ڈرائیورز کا ہے انہوں نے پاکستان میں ایسٹرازنیکا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہیں اور ان کا سٹیٹس امیون ہے کیا وہ مملکت آسکتے ہیں؟‘
واضح رہے ایسے افراد جنہوں نے مملکت سے باہر مطلوبہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی ہیں انہیں چاہیے کہ وہ مملکت آنے سے قبل کسی ایسے ملک میں دو ہفتے قیام کریں جہاں سے مسافروں کی آمد پر پابندی نہیں۔
ایسے ممالک میں دو ہفتے قیام کرنے کے بعد مملکت آیا جاسکتا ہے۔
تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ مملکت آنے سے پہلے زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کرایا جائے۔
پی سی آر ٹیسٹ ایسی لیبارٹری سے کرایا جائے جو مملکت میں منظورشدہ ہو۔ مملکت آنے سے قبل انہیں ’قدوم ‘ پورٹل میں رجسٹرکرانا ہوگا، جس کے مختلف زمرے کے مسافروں کی سہولت موجود ہے۔
قدوم پورٹل پر رجسٹرکرانے سے مملکت آمد کے موقع پر امیگریشن کے مراحل آسان ہوجاتے ہیں جبکہ صحتی کا ہیلتھ پاسپورٹ بھی درکار ہوتا ہے۔
وہ افراد جنہوں نے ویکسین کی دونوں خوراکیں مملکت میں نہیں لگوائیں انہیں سعودی عرب آنے کے بعد پانچ دن ہوٹل قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔ علاوہ ازیں سعودی عرب آنے کے 24 گھنٹے کے اندر پی سی آر ٹیسٹ بھی کرانا ہو گا۔
قرنطینہ میں پانچ دن قیام کے بعد دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ضروری ہے۔ ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر قرنطینہ کی پابندی ختم ہوجائے گی۔
وہ افراد جنہوں نے مملکت میں مروجہ و منظور شدہ ویکسین نہیں لگوائی انہیں قرنطینہ کی مدت مکمل کرنے کے بعد ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانا ہونگی۔
سعودی عرب میں وزٹ ویزے پرمقیم افراد کے لیے کورونا ویکسین کس طرح لگائی جاسکتی ہے؟
وزارت صحت کی جانب سے مملکت میں کورونا ویکسینیشن کے لیے وزٹ ویزوں پر مقیم افراد کے لیے بھی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
وزٹ ویزے پر مقیم افراد کا توکلنا یا صحتی اکاؤنٹ بنا کراس پرویکسین لگانے کے لیے پیشگی وقت حاصل کیا جائے۔ مقررہ سینٹر میں وقت پر پہنچ کرویکسین لگائی جاسکتی ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا ویکسین کے لیے مفت سہولت فراہم کی گئی ہے۔ مملکت کے تمام ریجنزمیں ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں پیشگی وقت حاصل کرنے کے بعد وہاں جا کر ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔