Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض پولیس کی مستعدی ،مختصر وقت میں نامعلوم چور گرفتار

9 وراداتوں کا اعتراف ، وڈیو کے ذریعے ملز م کی شناخت 
ریاض ( اردو نیوز ڈیسک ) ریجنل پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ فاسٹ فوڈ کی معروف کمپنی میں نقب لگانے والے کو گرفتار کر لیا گیا ۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مختصر وقت میں ملزم کا سراغ لگا لیا۔ پولیس ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ کمپنی کے نمائندے نے رپورٹ درج کروائی تھی کہ نامعلوم افراد نے نقب لگا کر کمپنی سے خطیر رقم چرالی ۔ وردات کے بعد ملزم کے فرار ہونے کی وڈیو ایک شخص نے اپنے گھر کی کھڑکی سے بنائی جو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہو گئی ۔وڈیو میں ملزم کو  واردات کے بعد کمپنی کے باہر کھڑی گاڑی میں فرار ہو تے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملز م کی گرفتاری کےلئے وسیع پیمانے پر تلاش شروع کر تے ہوئے مشکوک علاقوں کی ناکہ بندی کی۔ گشت پر مامور اہلکاروں کو مشکوک گاڑی کے بارے میں وائرلیس پر مطلع کر دیا گیا ۔ ناکہ بندی کے دوران پولیس اہلکاروں کو ریاض کے شمالی علاقے میں مشکوک گاڑی دکھائی دی جس میں بیٹھے شخص نے ناکہ سے نکلنے کی کوشش کی مگر اسکی کوشش ناکام بناکر اسے گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزم سعودی شہری ہے جس کی عمر 20 برس ہے ۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے اپنے ساتھی کی بھی نشاندہی کر تے ہوئے مزید 9 وارداتوں کا اعتراف کر لیا ۔ ریجنل پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ مجرموں کی گرفتار ی کے لئے سرگرمی سے کارروائیاں کی جارہی ہیں تاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک کیا جاسکے ۔ 

شیئر: