کراچی ..پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار پاکستان کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ملک میں جب بھی دہشت گردی کا واقعہ ہوتا ہے وزیرداخلہ رضائی اوڑھ کرسوجاتے ہیں۔نوازشریف تو صرف ایک شہر کے وزیراعظم بن کررہ گئے ۔ حیدرآباد میں جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں صرف لولی پاپ دینے آتے ہیں، جھوٹے مقدمات بنا کر یکطرفہ احتساب کیاجارہاہے۔پانا مہ کیس میں وزیراعظم اور منی لانڈرنگ کیس میں اسحاق ڈارکا نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا؟ نواز شریف سمیت جن لوگوں کا بھی اصغر خان کیس میں نام آیا ، ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار بڑھکیں نہ ماریں۔ ان کی مرضی نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار صرف اپوزیشن پرگرجتے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات کے بعد وزیر داخلہ میڈیاپرنہیں آتے۔ سی پیک کے خالق زرداری ہیں لیکن جعلی مینڈیٹ والے وزیر اعظم جگہ جگہ سی پیک سی پیک کرتے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ ڈاکے چوریاں نہیں چھپنے دیں گے۔ سب واپس لیں گے۔ جلسہ گاہ پہنچنے پر شرجیل میمن کو 10 لاکھ روپے مالیت سے بنا سونے کا تاج پہنایا گیا۔