تمام سکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحانات کا جدول جاری
’پرائمری کے طلبہ کے تمام امتحان آن لائن ہوں گے جن کا آغاز 4 بجے عصر کے بعد ہوگا‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی وزارت تعلیم نے تمام سرکاری، نجی اور انٹرنیشنل سکولوں میں پہلے سمسٹر کے امتحان کا جدول جاری کر دیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق تمام تعلیمی مراحل کے سکولوں میں امتحان کا آغاز 9 ربیع الثانی بمطابق 17 نومبر سے ہوں گے۔
جدول کے مطابق مڈل اور ہائی سکولوں کے طلبہ کے پریکٹیکل امتحان اتوار 9 ربیع الثانی بمطابق 14 نومبر سے ہوں گے۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’پریکٹیکل امتحان کی مدت تین دن ہوگی اور یہ آن لائن لئے جائیں گے‘۔
’پرائمری کے طلبہ کے تمام امتحان آن لائن ہوں گے اور تمام سکولوں میں ان کا آغاز 4 بجے عصر کے بعد ہوگا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’مڈل اور ہائی اسکول کے وہ طلبہ جن کی عمریں 12 سال سے زیادہ ہیں اور جنہوں نے ویکسین کی دو خوراکیں لے رکھی ہیں وہ امتحان دینے کے لیے سکولوں میں حاضر ہوں گے‘۔
’اس حوالے سے سکول انتظامیہ حاضری کا جدول مقرر کرے گی جس میں طے شدہ وقت پر طلبہ حاضری دیں گے نیز اس بات کا خیا ل رکھا جائے گا کہ ایک دن میں دو سے زیادہ سبجیکٹ کا امتحان نہ ہو‘۔
’مڈل اور ہائی سکولوں کے وہ طلبہ جنہوں نے ویکسین کی خوراکیں مکمل نہیں کیں یا جن کی عمریں 12 سال سے کم ہیں ان کا امتحان آن لائن ہوگا‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’تمام سکولوں میں امتحانات کے نتائج کا اعلان جمعرات 20 ربیع الثانی 25 نومبر کو ہوں گے‘۔