منامہ ...بحرینی وزارت داخلہ نے ملک کی اہم شخصیات کے قتل کی سازش پر عمل درآمد شروع کرنے والے ایک دہشتگرد گروہ کو گرفتار کرلیا۔ دہشتگردوں نے امن عامہ کے ایک قافلے پر حملے کا پروگرام بنایا تھا۔ زیادہ سے زیادہ سیکیورٹی اہلکاروں کو قتل کرنے اور اہم ریاستی اداروں پر حملے کی تیاری کرچکے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ملک کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی آپریشن کرکے دہشتگرد عناصر کو گرفتار کیا۔یہ ایرانی شہ پر کام کررہے تھے۔ ایران میں موجود مفرور دہشتگرد مرتضی مجید السندی اور قاسم عبداللہ علی انہیں ہدایات دے رہے تھے۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے خصوصی کیمپو ںمیں انہیں عسکری تربیت دی تھی۔گرفتار شدگان میں 27سالہ حسین علی، 23سالہ قاسم المالکی،26سالہ احمد الشیخ، 29سالہ علی عبدالمحسن، 26سالہ علی عبدالرضا،32سالہ علی عبداللہ البناء کو ایرانی پاسداران انقلاب نے تربیت دی تھی جبکہ 17سالہ عمار علی 23سالہ حسن العریبی، 25سالہ احمد حسین کو اندرون بحرین عسکریت تربیت فراہم کی گئی تھی جبکہ 27سالہ حسن الحمر ، 24سالہ علی جعفر علی، 25سالہ یاسر احمد، 24سالہ احمد مہدی اور 32سالہ السید علی الموسوی کو عراقی حزب اللہ نے تربیت فراہم کی تھی۔ بحرینی وزارت داخلہ نے بیان جاری کرکے مزید بتایا کہ گرفتار شدگان دہشتگردی کی منصوبہ بندی اور نفاذ میں ملوث پائے گئے۔ پوچھ گچھ کے دوران متعدد سرگرمیوں کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔ ان کے قبضے سے برآمد ہونے والے رابطے کے آلات کے معائنے سے بھی پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ ایران سے ہدایات حاصل کررہے تھے۔ پاسپورٹس دیکھنے سے معلوم ہوا کہ تقریباً66بار ایران کا سفر کرچکے تھے۔ مختلف مقامات پر دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کئے ہوئے تھے۔26فروری کو الدرة اسٹریٹ پر دھماکے میں ملوث تھے۔ گرفتار شدگان نے سیکیورٹی کے اہلکاروں اور کئی اعلیٰ عہدیداروں پر دہشتگردانہ حملے کی سازش رچنے کا اعتراف کرلیا۔
بحرین میں دہشتگردوں کا بڑا گروہ گرفتار
پیر 27 مارچ 2017 3:00