اس ہفتے ریلیز ہونے والی فلموں میں ہالی وڈ کی ’ایٹرنلز‘ اور تامل فلم ’اناتھے‘ شامل ہیں (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
بالی ووڈ ایکشن فلم ’سوریاونشیذ‘ کی جمعہ کو ریلیز کے ساتھ چھٹیوں کے سیزن کی بلاک بسٹر فلموں کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انڈیا میں سنیما مالکان کورونا وائرس سے متاثرہ سنیما شائقین کو دوبارہ راغب کرنے اور فروغ پاتی آن لائن سٹریمنگ سروس سے دور رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔
سنیما گھروں کو مارچ 2020 میں جب انڈیا میں پہلی بار کورونا وائرس آیا، ایک سخت لاک ڈاؤن کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ تھوڑا عرصہ ہی چلے تھے کہ رواں سال اپریل میں وائرس میں اضافے کے ساتھ ہی انہیں پھر بند کردیا گیا۔
اکاؤنٹنگ فرم ای وائے کے مطابق گذشتہ سال انڈیا کی میڈیا اور تفریحی آمدنی ایک چوتھائی کم ہو کر 18 ارب اور 70 کروڑ ڈالر رہ گئی اور زیادہ تر ملٹی پلیکس چینز کو بڑا نقصان ہوا۔
ہندی فلم ’سوریاونشی‘ -- جس میں اکشے کمار اور رنویر سنگھ جیسے بڑے نام شامل ہیں -- 18 ماہ میں بڑی سکرین پر ریلیز ہونے والی پہلی بالی وڈ فلم ہے۔
کورونا کے آغاز کے بعد سے تاخیر کا شکار فلم میں اکشے کمار، ممبئی میں حملے کو روکنے کے لیے کام کرنے والے انسداد دہشت گردی فورس کے سربراہ کا رول ادا کر رہے ہیں۔
باکس آفس پر اس کی کارکردگی کو ایک لٹمس ٹیسٹ کے طور پر دیکھا جائے گا کہ آیا شائقین دنیا کی سب سے بڑی فلمی مارکیٹ میں سنیما گھروں میں واپس آئیں گے۔
ملک کی دوسری سب سے بڑی سنیما چین INOX کے چیف پروگرامنگ آفیسر راجندر سنگھ جیالا کا کہنا ہے ’یہ فلم فلمی صنعت کے لیے بہت اہم ہے۔‘
انڈیا اس وقت دیوالی منا رہا ہے، جو ملک کا سب سے بڑا ہندو تہوار ہے اور روایتی طور پر جسے فلم ڈسٹری بیوٹر اکشے راٹھی نے کہا کہ یہ اس شعبے کے لیے 'بہت منافع بخش وقت' تھا۔
’روایتی طور پر (یہ ایسا وقت ہوتا ہے) جب سب سے بڑی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں۔‘
اس ہفتے ریلیز ہونے والی فلموں میں ہالی وڈ کی ’ایٹرنلز‘ اور تامل فلموں کے سپر سٹار رجنی کانت کی ’اناتھے‘ شامل ہیں۔