ورلڈ کپ: سیمی فائنل کون کس کے خلاف؟ فیصلہ پاکستان، سکاٹ لینڈ کے میچ پر منحصر
اتوار 7 نومبر 2021 16:10
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان سکاٹ لینڈ کے خلاف آج کا میچ جیتنے کی صورت میں سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا سامنا کرے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی ٹیم پاکستان اپنا آخری گروپ میچ آج سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گا۔
ویسے تو ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا نے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے لیکن سیمی فائنل میں کون سی ٹیم کس کا سامنا کرے گی اس بات کا انحصار آج پاکستان اور سکاٹ لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ کے نتیجے پر ہے۔
پاکستان سکاٹ لینڈ کے خلاف آخری میچ جیتنے کی صورت میں آسٹریلیا اور شکست کی صورت میں انگلینڈ کا سامنا کرے گا۔
گروپ ون میں انگلینڈ نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلا نمبر حاصل کر کے 10 نومبر کو ابو ظہبی میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل کی ٹکٹ کٹا دی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والی آسٹریلیا اپنا سیمی فائنل 11 نومبر کو دبئی میں کھیلے گا۔
انگلینڈ اپنا سیمی فائنل گروپ ٹو میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم کے ساتھ کھیلے گا جبکہ آسٹریلیا گروپ ٹو ٹاپ کرنے والی ٹیم کے مد مقابل ہوگا۔
اس وقت گروپ ٹو میں نیوزی لیند 8 پوائنٹس کے ساتھ بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر پہلے نمبر پر ہے جبکہ پاکستانی ٹیم 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
پاکستان سکاٹ لینڈ کے خلاف اپنے گروپ کے آخری میچ میں کامیاب ہوتا ہے تو پاکستان 10 پوائنٹس کے ساتھ گروپ ٹو میں پہلی پوزیشن حاصل کرلے گا اور اس صورت میں اس ٹی 20 ورلڈ کپ کا پہلا سیمی فائنل 10 نومبر کو انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان ابو ظبی میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان دوسرے سیمی فائنل میں 11 نومبر کو دبئی میں آسٹریلیا کا سامنے کرے گا۔
اگر پاکستان کو سکاٹ لینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے تو صورتحال بالکل تبدیل ہو جائے گی۔ اس صورت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے 8، 8 پوائنٹس ہوں گے لیکن بہتر نیٹ رن ریٹ پر نیوزی لینڈ گروپ ٹو میں پہلی پوزیشن حاصل کر لے گا۔ ایسی صورت میں 10 نومبر کو کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے جبکہ 11 نومبر کو دبئی میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔
پاکستان اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا ہے جبکہ سکاٹ سپر 12 مرحلے میں اب تک کوئی بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوا۔