Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈکپ میں پاکستان کی جیت کے خواہاں انڈین شائقین بھی تنقید کے نشانے پر

پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابل شکست رہی ہے (فوٹو: پی سی بی)
ٹی 20 ورلڈ کپ کا سپر 12 مرحلہ مکمل ہونے کے بعد سیمی فائنل سٹیج تک پہنچنے والی ٹیموں کی صورتحال واضح ہوئی تو پاکستان واحد ایشیائی ٹیم رہ گئی ہے جو اگلے مرحلے میں گئی ہے۔
انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ سیمی فائنل سٹیج پر پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کے اس سفر کی دلچسپ بات یہ ہے کہ گرین شرٹس واحد ٹیم ہے جو اب تک ناقابل شکست رہی ہے۔
پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد جہاں کرکٹ مبصرین نے فتح و شکست سے متعلق اپنی اپنی آرا دیں وہیں پاکستانیوں کے ساتھ انڈین شائقین بھی پاکستان کی جیت کے خواہاں دکھائی دیے۔
آکاش چوپڑا نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں پاکستانی ٹیم کو ناقابل شکست رہنے پر سراہا تو لکھا ’فائنل فور میں یہ اکلوتی ایشیائی ٹیم ہے، پڑوسیوں کوشش کریں کہ ٹرافی برصغیر میں ہی رہے۔‘

ورلڈ کپ میں رہ جانے والی اکلوتی ایشیائی ٹیم کے طور پر پاکستانی ٹیم کی کامیابی کی خواہش متعدد انڈین کرکٹ شائقین کی جانب سے ظاہر کی گئی تاہم گرین شرٹس کی کامیابی کے خواہشمندوں کو ان کے ہم وطنوں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
نکل بینرجی نامی ایک ٹویپ نے پاکستان کی جیت کی خواہش سے اختلاف کیا تو اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے لکھا ’انہوں نے بھی تو ہماری شکست پر خوشیاں منائی تھیں۔‘

کچھ صارفین نے آکاش چوپڑا پر تو تنقید نہیں کی البتہ وہ پاکستان کی جیت سے متعلق ان کے خیال سے بھی متفق دکھائی نہ دیے۔
ورن بھردواج نامی ٹویٹ نے لکھا ’ہم تو ڈوبے ہیں، تمہیں بھی لے ڈوبیں گے۔‘

بطور ایشیائی ٹیم پاکستان کی جیت کی خواہش ظاہر کرنے والوں پر تنقید زیادہ جارحانہ ہوئی تو اس انداز پر کئی افرا نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔ ایسے میں کچھ دیگر انڈین شائقین نے گرین شرٹس کے اچھا کھیلنے کا اعتراف تو کیا البتہ واضح کیا کہ وہ کسی بھی طرح پاکستان کی جیت کی خواہش نہیں رکھ سکتے۔

انڈین کرکٹ شائقین کی جانب سے پاکستان کی جیت کی خواہش ظاہر کرنے والوں پر کہیں واضح اور کہیں ہلکے لفظوں میں تنقید ہوئی تو پاکستان شائقین کی بڑی تعداد اچھا کھیلنے والی ٹیم کی جیت کی امید رکھنے پر انہیں سراہتی رہی۔

پاکستان سیمی فائنل میں گروپ اے میں دوسرے نمبر پر آنے والی ٹیم آسٹریلیا سے جمعرات 11 نومبر کو مقابلہ کرے گا۔ جب کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ پہلے سیمی فائنل میں 10 نومبر کو مدمقابل ہوں گے۔

شیئر: