کیا اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں مزید اضافہ ہوگا؟
کیا اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں مزید اضافہ ہوگا؟
منگل 9 نومبر 2021 0:24
سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کی مختلف سروسز کے لیے فیسیں مقرر ہیں (فوٹو: سیدتی)
سعودی محکمہ پاسپورٹ ’جوازات‘ کی مختلف سرکاری خدمات پر فیسیں مقرر ہیں جن کی ادائیگی بینک کے ذریعے آن لائن کی جاتی ہے۔
قبل ازیں یہ فیس جوازات کی جانب سے جاری خصوصی کوپن سسٹم کے ذریعے کی جاتی تھی، تاہم اب آن لائن پروگرام جسے ’سداد ‘ کہا جاتا ہے، کے ذریعے سے فیس جمع کرائی جاتی ہےـ
اس حوالے سے ایک شخص کی جانب سے جوازات کے ٹوئٹرپر دریافت کیا گیا کہ ’جوازات کی سروس حاصل کرنے سے قبل جمع کرائی گئی فیس واپسی کا طریقہ کار کیا ہے جبکہ جوازات کی خدمت حاصل نہ کی گئی ہو؟‘
اس بارے میں جوازات کا کہنا تھا کہ فیس کی واپسی اس وقت تک ممکن ہے جب تک اس کے مقابل سروس حاصل نہ کی گئی ہو۔
سروس حاصل کر لینے کے بعد فیس واپسی کی کوئی صورت نہیں ہوتی۔ جمع شدہ فیس واپسی کے لیے لازمی ہے کہ اسی بینک اکاؤنٹ کے ذریعے جس سے فیس جوازات کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی ہے، اسی کے ’ری فنڈ‘ آپشن کو استعمال کرتے ہوئے فیس واپس حاصل کی جا سکتی ہے۔
فیس واپسی کی کمانڈ دینے کے بعد ایک ہفتے کے اندر اندر اسی اکاؤنٹ میں رقم ری فنڈ ہوجاتی ہے، جس کے ذریعے فیس جمع کرائی گئی ہوتی ہے ـ
واضح رہے بعض افراد مختلف سروسز فراہم کرنے والے ایجنٹوں کے ذریعے فیس ادا کرتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں ری فنڈ کرانے کے وقت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کیونکہ ایجنٹ سروس کی ادائیگی کی مد میں اپنی فیس چارج کرتے ہیں جبکہ ری فنڈ کرانے کے صورت میں بھی کچھ کٹوتی کرتے ہیں۔ اس لیے کوشش یہ کی جائے کہ فیس اپنے بینک اکاؤنٹ سے جمع کرائی جائے یا کسی ایسے واقف کار کے اکاؤنٹ سے فیس جمع کرائی جائے جس پر اعتماد ہو کہ ضرورت پڑنے پرفیس واپس حاصل کی جاسکتی ہے۔
خروج وعودہ پرگئے ہوئے بعض تارکین کی جانب سے دریافت کیا گیا ہے کہ ’جن لوگوں کے اقامے تاحال تجدید نہیں ہوئے کیا ان کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں بھی اضافہ ہوگا؟‘
فیس کی واپسی اس وقت تک ممکن ہے جب تک اس کے مقابل سروس حاصل نہ کی گئی ہو (فوٹو: ایس پی اے)
اس حوالے سے جوازات کے ٹوئٹر پرکہا گیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے ممنوعہ ممالک سے جہاں سے مسافروں کے براہ راست آنے پرپابندی عائد ہے، وہاں گئے ہوئے تارکین کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں 30 نومبر تک مفت توسیع کرنے کے احکامات پرعمل درآمد جاری ہے۔
اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع مرحلہ وار بنیاد پر کی جاتی ہے جس کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس سینٹر کے تعاون و اشتراک سے توسیع کے عمل پرکام جاری ہے۔
واضح رہے، خروج وعودہ پر گئے ہوئے ایسے غیرملکی جہاں سے مسافروں کے براہ راست آنے پر پابندی عائد ہے، انہیں چاہیے کہ وہ اپنی باری کا انتظار کریں جب ان کی باری آئے گی تو ان کے اقامے اور خروج وعودہ کی مدت میں از خود توسیع کردی جائے گی۔