او آئی سی کے نمائندہ خصوصی کا لائن آف کنٹرول کا دورہ
دفتر خارجہ کے مطابق ’وفد کو لائن آف کنٹرول کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بتایا گیا۔‘ (فوٹو آئی ایس پی آر)
اسلامی تعاون تنظیم کے جموں و کشمیر کے لیے نمائندہ خصوصی یوسف الدوبیے نے پاکستان اور انڈیا لائن آف کنڑول کے چری کوٹ سیکٹر کا دورہ کیا۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو پاکستان آئے تھے اور ان کا یہ دورہ 12 نومبر تک جاری رہے گا۔ ان کے ساتھ دیگر مسلم ممالک سینیئر سفارتکار بھی موجود ہیں جن میں سعودی عرب، مراکش، سوڈان اور مالدیپ شامل ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ’وفد کو لائن آف کنٹرول کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بتایا گیا۔‘
وفد نے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا شکار ہونے والے افراد اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے صدر سے بھی ملاقات کی۔
دفتر خارجہ کے مطابق ’کل 11 نومبر کو وفد پناہ گزینوں کے کیمپ اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹر کا دورہ کرے گا۔ وفد مظفر آباد میں اقوام متحدہ کے مشن سے بھی ملاقات کرے گا۔‘
’اس کے علاوہ وفد آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے بھی ملے گا۔‘
وزارت خارجہ نے گزشتہ ہفتے کہا کہ ’جموں و کشمیر کے نمائندہ خصوصی نے اس مسئلے پر اہم کردار ادا کیا ہے اور اس دورے سے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے اس مسئلے کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔‘