چاروں ملزمان سعودی ہیں،گروہ میں ایک عادی مجرم ہے جو قانون کو مطلوب تھا ، پولیس ترجمان
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ریاض میں پولیس نے چوری کی وراداتوں میں ملوث 4 رکنی سعودی گروہ کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان پاکستانی لباس (شلوار قمیض) پہن کر چوری کی ورادتیں کیا کرتے تھے ۔ مرکزی پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارے کو اطلاع ملی تھی کہ نامعلوم افراد پر مشتمل ایک گروہ چوری کی ورداتوں میں ملوث ہے ۔ ملزمان شلوار قمیض پہنے ہوتے ہیں ۔ پولیس نے اطلاع ملنے کے بعد وسیع پیمانے پر تحقیقات شرو ع کر دی ۔ گروہ کو گرفتار کرنے کے لئے خصوصی ٹاسک فورس کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ۔پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ ٹاسک فورس کے اہلکاروں نے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا جس نے اپنے دیگر ساتھیوں کی بھی نشاندہی کر دی ۔ چاروں ملزمان سعودی ہیں جن کی عمریں 20 اور 30 برس کے درمیان ہیں ۔ ملزمان کے قبضے سے مسروقہ رقم ، لوہا کاٹنے کے آلات کے علاوہ قمیض شلواریں بھی برآمد ہوئیں ۔ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں محکمہ تحقیقات و استغاثہ کے سپرد کر دیا گیا جہاں مزید تحقیقات کی جارہی ہے ۔گرفتار ملزمان میں سے ایک عادی مجرم ہے جو پہلے سے ہی پولیس کو مطلوب تھا ۔