سعودی شہریت پانے والوں میں غلاف کعبہ کے خوش نویس شامل
جمعرات 11 نومبر 2021 23:41
غلاف کعبہ کے خطاط مختار عالم شہریت حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں- (فوٹو الشرق الاوسط)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مختلف شعبوں کے جن ماہرین اور منفرد تجربہ و لیاقت رکھنے والوں کو سعودی عرب کی شہریت دی ہے ان میں غلاف کعبہ کے خطاط مختار عالم بھی شامل ہیں-
عربی جریدے ’الشرق الاوسط‘ کے مطابق سعودی عرب نے سائنس، ٹیکنالوجی، نادر سپیشلائزیشن رکھنے والوں، منفرد تجربے کے حامل افراد اور اسلامیات کے ماہرین کو شہریت دینے کا سلسلہ شروع کیا ہے-
تفصیلات کے مطابق سعودی شہریت جن افراد کو دی گئی ہے ان میں غلاف کعبہ کے خطاط مختار عالم کے علاوہ معروف مورخ ڈاکٹر امین سیدو، ممتاز سکالر ڈاکٹر محمد البقاعی، مورخ ڈاکٹر عبدالکریم السمک، تھیڑ کی دنیا کے نمایاں ترین ہدایتکار سمعان العانی بھی شامل ہیں-
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی شہریت پانے والوں میں دینی، تاریخی ، طبی، تعلیمی شعبوں، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے شعبوں میں اعلی لیاقت رکھنے والی متعدد شخصیات شریک ہیں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں