کویت:پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے، ائیر چیف مارشل سہیل امان
فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے عشائیہ، سفیر پاکستان غلام دستگیر سمیت پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک
کویت سٹی(محمد عرفان شفیق) ائیر چیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔ دشمن ملک پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ وہ کویت میں فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ کے حاضرین سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج ہر مشکل حالات میں ہر قسم کا مقابلہ کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہر وقت تیا ر ہے۔ فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے پاکستان کی فضائی افواج کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام مقام ہوٹل کے ہال میں کیا گیا۔ تقریب میں کویت میں پاکستان کے سفیر غلام دستگیر، فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے ٹرسٹیزاور کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان غلام دستگیر نے کہا کہ کویت اور پاکستان تعلقات انتہائی مستحکم ہیں۔ مستقبل میں دونوں ممالک کے تجارتی اور دفاعی روابط مزید بہتر ہوں گے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قران حکیم کی آیات بینا ت سے کیا گیا۔ اسکے بعد کویت اور پاکستان کے قومی ترانے گائے گئے۔ تقریب کے میزبانی کے فرائض سہیل یوسف اور ماہین مظفر نے خوش اسلوبی سے انجام دیئے۔ تقریب سے ڈاکٹر ظفر شیخ، عبیدالرحمن، عتیق عدنان، عارف بٹ اور ڈاکٹرافتخارنیازی نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر افتخار نیازی نے خوبصورت پریزنٹیشن کے ذریعے فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی کارکردگی اور اسکے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کا مختصر جائزہ پیش کیا۔ اسکے بعد حاضرین کے لیے پاکستان کی فضائی افواج کی تیار کردہ ڈاکومینٹری پیش کی گئی۔ تقریب کی خاص بات پاکستانی اسکول کے بچوں کی ملی نغموں پر پرفارمنس تھی، جسے ائیر چیف مارشل سہیل امان نے خصوصی طور پر سراہا اور خود اسٹیج پر جاکر بچوں کی حوصلہ افزائی کی۔ بچوں کی پرفارمنس پاکستان ایکسل ا سکول، پاکستان اسکول و کالج کویت کی جانب سے پیش کی گئی۔ اسکے بعد زاگر میوزکل کے چیئر مین زاگر انور نے ملی نغمہ پیش کیا۔فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئر مین پیر امجد حسین نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی کارکردگی کو سراہا۔ انھوں نے فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے مرحوم چیئرمین ملک نور محمد کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے آخرمیں فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ایئر چیف اور تمام ٹرسٹیز کو اعزازی شیلد دی گئیں۔آخر میں فرینڈز ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئر مین جناب پیر امجد حسین نے دعا کرائی اور ملک نور محمد کو خصوصی الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔اسطرح یہ عشائیہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔
کویت میں مقیم کمیونٹی کی تقریبات کی رپورٹیں، تصاویر اور ویڈیوز ہمیں ارسال کریں، ہمیں شائع کرکے خوشی ہوگی
اپنی رپورٹیں ہمیں ای میل کریں