Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الیکشن کمیشن کے خلاف بیان، فواد چوہدری نے معافی مانگ لی

الیکشن کمیشن نے فواد چوہدری کو تحریری طور پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے متعلق اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹس پر منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ وفاقی وزیر نے اپنے بیان پر معذرت کر لی جس پر کمیشن نے فواد چوہدری کو تحریری طور پر جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ 
واضح رہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری اور اعظم سواتی نے الیکٹرانگ ووٹنگ مشین کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے اعتراض سامنے آنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر الیکشن کمیشن نے دونوں وزرا کو نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ 
وفاقی وزیر اعظم سواتی کی جانب سےاس نوٹس کا جواب جمع کروانے کے لیے کمیشن سے وقت مانگا گیا ہے۔ 
منگل کو ہونے والی سماعت کے بعد وفاقی وزیر فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں، میرا تعلق بھی وکالت کے پیشے سے ہے، کمیشن کو بتایا ہے کہ جو بات کرتا ہوں بطور وزیراطلاعات کرتا ہوں۔‘ 
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ’انتخابی اصلاحات بہت ضروری ہیں اس کے لیے اپوززیشن تجاویز دیں ہم کھلے دل سے قبول کریں گے، میں وفاقی کابینہ کی نمائندگی کرتا ہوں امید ہے کہ الیکشن کمیشن میری باتوں کو مثبت انداز سے دیکھی گی۔‘ 
وفاقی وزیر اطلاعات نے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’نوازشریف یا مریم نوازکی عدالت پیشی ہوتی ہے کوئی نہ کوئی معاملہ اٹھایاجاتا ہے، ن لیگ نے عدالتوں کے خلاف ایک مہم شروع کی ہے اور عدالتوں پر حملہ ن لیگ کی روایت رہی ہے۔‘ 
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’سابق جج رانا شمیم لندن میں نواز شریف کے خرچے پر رہ رہے ہیں۔ نواز شریف اور مریم نواز پیشی سے پہلے سازش تیار کرتے ہیں ایک مکمل پلان کے تحت جعلی حلف نامے تیار کیے جاتے ہیں، گذشتہ روز جعلی حلف نامہ سامنے آیا جس کی فیس شریف فیملی نے ادا کی۔

شیئر: