Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران نے ڈیزل سمگل کرنے والا بحری جہاز قبضے میں لے لیا: ایرانی میڈیا

ایرانی بحریہ کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ جہاز کے عملے کو نظربند کر کے اس سے تفتیش کی جارہی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
ایرانی میڈیا نے کہا ہے کہ ایران کی بحریہ نے خلیج کے پانیوں میں ڈیزل سمگل کرنے والے ایک غیر ملکی بحری جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایرانی بحریہ کے کمانڈر کرنل حاجان کا کہنا ہے کہ ’ملک کے جنوبی شہر پارسیان میں سمگل شدہ ڈیزل لے جانے والا ایک غیر ملکی بحری جہاز قبضے میں لیا گیا ہے۔‘
‘معائنے کے بعد بحری جہاز میں ایک لاکھ 50 ہزار لیٹر ڈیزل موجود ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔‘
حاجان جو اپنے آخری نام کی وجہ سے جانے جاتے ہیں کا کہنا ہے کہ جہاز کے 11 کریو ممبرز کو تفتیش کے لیے نظربند کردیا گیا ہے۔
تاہم کرنل حاجان کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ قبضے میں لیا گیا بحری جہاز کس ملک کی ملکیت ہے اور یہ کہ اسے کب قبضے میں لیا گیا۔
اس سے قبل رواں برس جنوری میں ایرانی فورسز نے آبنائے ہرمز میں جنوبی کوریا کا پرچم بردار کیمیکل ٹینکر قبضے میں لے لیا تھا۔
عرب نیوز کا کہنا ہے کہ سمندری سکیورٹی کی نگران مشاورتی فرم ’ڈریاڈ گلوبل‘ کے مطابق جنوبی کوریا کا بحری جہاز ’ہنکوک چیمی‘ جو سعودی عرب کے شہر الجبیل سے متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ جا رہا تھا۔
ٹینکر کو اس کے مخصوص راستے سے شمال کی جانب ایرانی علاقے کی جانب موڑ دیا گیا تھا۔
ایران اور جنوبی کوریا کے تعلقات حالیہ برسوں میں خراب ہوئے ہیں۔ اس کا ایک سبب ایرانی تیل کی اس رقم پر ہونے والا تنازع ہے جو مبینہ طور پر جنوبی کوریا کے بینکوں میں منجمد ہے۔

شیئر: