اسلام آباد...پیپلزپارٹی نے پارٹی رہنماﺅں کو سیاسی رابطوں اور جوڑ توڑ کا ٹاسک سونپ دیا ۔ پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی حکمت عملی پانامہ فیصلے کے بعد عیاں کریں گے ۔ میدان سجے گا تو مخالفین کو منہ توڑ جواب ملے گا ۔ منگل کو اسلام آباد میں آصف علی زرداری نے پارٹی رہنماﺅں کی ملاقات میں آئندہ کی سیاسی صف بندی پر مشاورت کی۔ اس موقع پر زرداری نے کہا کہ میری اور بلاول بھٹو کی نظر سیاسی حالات پر ہیں ۔ حالات کا جائزہ لے کر ہی سیاسی کھیل کھیل رہے ہیں۔ اپنی سیاسی حکمت عملی پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد ظاہر کریں گے تاکہ مخالفین کا کوئی بھی حربہ نہ چلے ۔ انہوں نے کہا کہ حالات کے مطابق آہستہ آہستہ کھیل رہے ہیں۔ ابھی ہمارے پاس کرنے کےلئے بہت کچھ باقی ہے ۔جیسے ہی سیاسی میدان سجے گا تو مخالفین کو منہ توڑ جواب ملے گا۔