Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنوبی افریقہ سے پھیلنے والا ’اومیکرون‘ اب تک کن ملکوں میں پہنچا؟

جرمنی میں کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ میں سب سے پہلے تشخیص کی جانے والی کورونا وائرس کی نئی قسم ’اومیکرون‘ کے کیسز نے دنیا بھر کے ملکوں میں حکام کو خدشات میں مبتلا کیا ہے جس کے بعد متعدد ممالک نے نئی سفری پابندیاں عائد اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا ہے۔
اتوار کو ’اومیکرون‘ کے کیسز دنیا کے کئی ملکوں میں سامنے آئے جن میں سے نیدرلینڈ اس فہرست میں شامل ہونے والا نیا ملک ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نیدرلینڈ میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں میں سے 13 میں کورونا وائرس کا اومیکرون ویریئنٹ پایا گیا ہے۔
نیدرلینڈ نے وائرس کی نئی قسم کے شکار ملک سے آنے والے 61 مسافروں کو قرنطینہ میں رکھ کر ان کے سیمپل تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوائے تھے۔
اتوار کو ہی آسٹریلیا میں حکام نے بتایا تھا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ براعظم افریقہ کے جنوبی خطے کے ممالک سے سڈنی آنے والے مسافر میں اومیکرون وائرس کی شناخت کی ہے۔
ادھر برطانوی وزیر صحت ساجد جاوید نے اومیکرون کے دو کیسز کی شناخت ہونے کے بعد کہا تھا کہ ان کا تعلق جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں سے پایا گیا۔

نیدرلینڈ میں حکام نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی افریقہ سے آنے والے مسافروں میں سے 13 میں اومیکرون ویریئنٹ پایا گیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ان کا کہنا تھا کہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں تاہم تسلیم کیا کہ جمعے کو براعظم افریقہ کے کئی ملکوں سے ہزاروں مسافر برطانیہ پہنچے جن کو قرنطینہ نہیں کیا گیا۔
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کے مطابق برطانیہ آنے والے تمام مسافروں کو اس وقت تک قرنطینہ میں رہنا ہوگا جب تک ان کا پی سی آر ٹیسٹ منفی نہیں آ جاتا۔
جرمنی میں کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔
جرمن ریاست باویریا کی وزارت صحت نے اومیکرون کے دو کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ سے دو افراد میونخ ایئرپورٹ کے ذریعے داخل ہوئے اور انہوں نے خود کو آئسولیٹ نہیں کیا جن میں وائرس پایا گیا۔

جرمنی میں کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ کے دو کیسز سامنے آئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اٹلی کے نیشنل ہیلتھ انسٹیٹوٹ کا کہنا ہے کہ میلان میں موزمبیق سے آنے والے ایک شخص میں اومیکرون کی تصدیق ہوئی ہے۔
چیک رپبلک میں حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نیمیبیا سے آنے والے شخص میں کورونا کے نئے ویریئنٹ کی موجودگی کا جائزہ لے رہے ہیں۔
’امیکرون‘ وائرس کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے اسرائیلی حکام نے ملک میں تمام غیرملکیوں کا داخلہ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔

شیئر: