پوسٹر پر دودھ ضائع نہ کریں، ضرورت مند کو دیں: سلمان خان
اتوار 28 نومبر 2021 17:09
سلمان خان ’انتم دی فائنل ٹروتھ‘ میں پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ (فوٹو: بالی وڈ ہنگامہ)
بالی وڈ اداکار سلمان خان کی نئی فلم ’انتم دی فائنل ٹروتھ‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے جس کو دیکھنے کے لیے ان کے مداحوں میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔
سینچر کو سینما میں پُرجوش مداحوں سے سلمان خان نے پٹاخے نہ پھوڑنے کی درخواست کی تھی تو اب فلم کے پوسٹر پر دودھ ضائع نہ کرنے کی بھی درخواست کر رہے ہیں کہ یہ غریب بچوں کو پلائیں۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق دبنگ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں کچھ مداح ان کی فلم کے پوسٹر پر دودھ ڈالتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دبنگ خان نے مداحوں سے درخواست کی کہ دودھ کو ضائع نہ کریں بلکہ کسی ضرورت مند کو دیں۔
سلمان خان نے لکھا کہ ’کئی لوگوں کو پانی نصیب نہیں ہوتا اور آپ ایسے دودھ کو ضائع کر رہے ہو۔ اگر دودھ دینا ہی ہے تو میری تمام مداحوں سے درخواست ہے کہ آپ غریب بچوں کو پلائیں جنہیں دودھ پینے کو نہیں ملتا۔‘
اس سے قبل بھی سلمان خان نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ان کے مداح سینما کے اندر پٹاخے پھوڑ رہے تھے۔
انہوں نے مداحوں سے درخواست کی تھی کہ ’آڈیٹوریم میں اپنے ساتھ پٹاخے نہ لے جائیں کیونکہ یہ آگ لگنے کا بہت بڑا خطرہ ثابت ہو سکتا ہے اور آپ کی اور دوسری کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔‘
انہوں نے سینما کے مالکان سے بھی درخواست کی تھی کہ سینما کے اندر پٹاخے لے جانے کی اجازت نہ دی جائے۔
سلمان خان ’انتم دی فائنل ٹروتھ‘ میں پولیس افسر کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس فلم میں ان کے بہنوئی ایوش شرما نے بھی مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
فلم 26 نومبر کو ریلیز ہوئی تھی۔ فلم کو ان کے مداح سراہ رہے ہیں۔