Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسافروں کی بڑھتی تعداد، پی آئی اے نے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار پروازیں بڑھا دیں

پی آئی اے نے سعودی حکام سے پروازوں کی تعداد بڑھانے کے لیے درخواست کی تھی۔ (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے سعودی عرب کے لیے مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے ہفتہ وار پروازیں بڑھا دی ہیں۔ سعودی حکام کی جانب سے اجازت کے بعد پی آئی اے نے ہفتہ وار پروازیں 35 سے بڑھا کر 45 کر دی ہیں۔ 
ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’چھ دسمبر سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 45 پروازیں آپریٹ کریں گے جبکہ اس سے قبل 35 پروازیں چلائی جا رہی تھیں۔‘
سعودی حکام کی جانب سے پاکستان سمیت چھ ممالک سے براہ راست مسافروں کو یکم دسمبر سے مملکت داخلے کی اجازت کے اعلان کے بعد پروازوں کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔ 
اس اعلان کے دو روز بعد ہی پی آئی اے کے سعودی عرب کے لیے چلائی جانے والی 12 دسمبر تک تمام ٹکٹس فروخت ہو گئے تھے جن میں تقریباً 9 ہزار مسافروں کو پاکستان سے سعودی عرب لے جایا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ پی آئی اے نے سعودی حکام سے پروازوں کی تعداد بڑھانے کے لیے درخواست کی تھی۔ 
ادھر سعودی عرب جانے والے مسافروں کا پی آئی اے اور سعودی ایئر لائنز کے اسلام آباد کے دفاتر کے باہر روز بروز رش بڑھ رہا ہے۔ خیبر پختونخوا کی تحصیل جہانگیرہ سے آئے عرفان خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ان کے ویزے کی معیاد 30 نومبر کو ختم ہو گئی ہے جبکہ ان کے پاس پی آئی اے کا ریٹرن ٹکٹ موجود ہے لیکن ویزے کی معیاد ختم ہونے کی وجہ سے میرا ٹکٹ بھی قابل استعمال نہیں رہا۔ 
پی آئی اے اسلام آباد کے دفتر میں موجود عرفان نے بتایا کہ ’اب اقامے کی معیاد میں توسیع کے بعد میں دوبارہ سعودی عرب جا سکوں گا لیکن اس کے لیے مجھے ٹکٹ نیا خریدنا ہوگا یا اسی ٹکٹ کو ایڈجسٹ کیا جائے گا یہ معلوم کرنے میں اسلام آباد آیا تھا۔‘ 
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے حکام نے انہیں یقین دہانی کروائی ہے کہ ویزے کی معیاد میں توسیع کروانے کے بعد مجھے بغیر کسی اضافی چارجز کے ٹکٹ فراہم کر دیا جائے گا۔  

پروازیں پاکستان کے مختلف شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور پشاور سے روانہ ہوں گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اسی طرح سعودی ائیر لائنز کے دفتر کے باہر موجود رضوان علی بھی ٹکٹ کے حصول کے لیے آئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ’پی آئی اے کی ٹکٹس نہ ملنے کے بعد انہوں نے سعودی ایئر لائنز کے دفتر کا رخ کیا لیکن ابھی ان لوگوں کو ہی ٹکٹس دیے جا رہے ہیں جو سعودی عرب سے ہی ریٹرن ٹکٹ بک کروا کر آئے تھے۔‘  
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’پاکستان سے براہ راست مسافروں کی داخلے کی اجازت کے بعد وہ افراد جو ریٹرن ٹکٹ لے چکے تھے اور پابندی کے باعث سعودی عرب واپس نہیں جا سکے تھے ان کے ٹکٹس کو ایڈجسٹ کرنا اولین ترجیح ہے جبکہ نئے ویزے والے افراد کو بھی ٹکٹس فروخت کی جا رہی ہیں۔‘ 
ترجمان نے بتایا کہ ابتدائی دو روز میں ریٹرن ٹکٹس کے علاوہ نئے ٹکٹس خریدنے والے مسافروں کی تعداد کافی بڑھ گئی تھی جس کی وجہ سے پروازوں میں اضافہ کے لیے درخواست کی گئی تھی۔ اب امید ہے کہ مزید پروازوں کے بعد کافی حد تک مسئلہ کم ہو جائے گا جس سے ٹکٹس کی قیمتیں بھی کم ہوجائیں گی۔  

شیئر: