Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جیک ڈورسی مستعفی، انڈین نژاد پراگ اگروال ٹوئٹر کے نئے سی ای او

ٹوئٹر اس پر تبصرہ کرنے کےلیے فوری پر دستیاب نہیں تھا (فوٹو اے ایف پی)
مائکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ انڈین نژاد پراگ اگروال نئے سی ای او ہوں گے۔
پیر کو جیک ڈورسی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اپنے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’معلوم نہیں کسی نے سنا کہ نہیں۔ میں نے ٹوئٹر سے استعفیٰ دے دیا ہے۔‘روئٹرز کے مطابق اس معاملے سے باخبر ذرائع نے کہا کہ ’ان کی جگہ لینے والے نئے چیف کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے۔ کمپنی گذشتہ برس سے جیک ڈورسی کو روانہ کرنے کی تیاری کر رہی تھی۔‘
یہ خبر ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب ٹوئٹر اپنے حریف فیس بک اور ٹک ٹاک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مقابلہ کر رہا ہے اور 2023 تک وہ اپنے منافع کو دوگنا کرنا چاہتا ہے۔
گذشتہ روز اپنی ٹویٹ میں جیک ڈورسی نے لکھا تھا کہ ’میں ٹوئٹر سے پیار کرتا ہوں۔‘ پیر کو اس ٹویٹ کو ’لائک‘ کرنے والوں کی تعداد 61 ہزار سے زیادہ تھی اور آٹھ ہزار سے زیادہ ’ری ٹویٹس‘ تھیں۔
یہ خبر سب سے پہلے سی این بی سی نے دی تھی۔
2020 کے آغاز میں ایلیوٹ مینیجمنٹ کارپوریشن نے جیک ڈورسی سے استعفیٰ مانگا تھا اور کہا تھا کہ وہ ٹوئٹر کو کم وقت دے رہے اور اپنی کمپنی ’سکوئر‘ بھی چلا رہے ہیں۔
ٹوئٹر کے نئے سی ای او کون ہیں؟
ٹوئٹر کے نئے سی ای او پراگ اگروال انڈین نژاد امریکی ہیں ۔ انہوں نے 2011 میں ٹوئٹر کو جوائن کیا۔ وہ 2017 سے ٹوئٹر کی ٹیکنیکل سٹریٹیجی کے ذمہ دار تھے۔ 
انہوں نے سٹینفورڈ یونیورسٹی سے کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی کر رکھی ہے اور ممبئی میں انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینیئرنگ میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی تھی۔
سٹرائپ کے سی ای او پیٹرک کولیسن نے پیٹرک اگروال کی بطور سی ای او ٹوئٹر تقرری پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ’ گوگل، مائیکروسافٹ، ایڈوب، آئی بی ایم، پالو الٹو نیٹ ورکس کے بعد اب ٹوئٹر بھی وہ سی ای او چلائیں گے جو کہ انڈیا میں پلے بڑھے۔  انڈینز کی ٹیکنالوجی کی دنیا میں حیران کن کامیابیوں کو دیکھنا شاندار تجربہ ہے اور یہ امریکہ کی کی جانب سے تارکین وطن کو فراہم کیے جانے وال مواقع کی نشاندھی بھی ہے۔
ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے پیٹرک کولیسن کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’امریکہ انڈین ٹیلنٹ سے بہت زیادہ مستفید ہوتا ہے۔‘

شیئر: