ریاض میں سلام پارک کا برڈ گارڈن رنگ برنگے طوطوں کا نیا مسکن
ریاض میں سلام پارک کا برڈ گارڈن رنگ برنگے طوطوں کا نیا مسکن
پیر 6 دسمبر 2021 5:34
برڈ گارڈن میں رنگ برنگے غیر ملکی طوطوں نے ایک نیا گھر تلاش کیا ہے۔ ( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں وزیٹرز سلام پارک میں برڈ گارڈن کا رخ کر رہے ہیں جو ریاض سیزن کے 14 زونز کا حصہ ہے جہاں رنگ برنگے غیر ملکی طوطوں نے ایک نیا گھر تلاش کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق 19 نومبر کو کھولے جانے والے اس زون کو وزیٹرز کی طرف سے خوب پذیرائی ملی ہے، ہزاروں لوگ نمائش میں موجود پروں والی مخلوق کو دیکھ کر حیران ہیں۔
وزیٹرز برڈ گارڈن میں پرندوں کی 50 سے زیادہ اقسام تلاش کر سکتے ہیں جن میں سرخ رنگ کے مکاؤ، کاک ٹیئل، سفید مور، کوکاٹو، پیونس طوطے اور بہت کچھ شامل ہے۔
باغ کے مالک احمد خوجہ نے 15 برسوں سے ان پرندوں کی پرورش اور تربیت کی ہے۔ انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ 2016 میں اپنے شوق کو کاروبار میں تبدیل کر دیا تھا۔
برڈ گارڈن میں روزانہ تقریباً 700 سے 1000 وزیٹرز آتے ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)
خوجہ نے کہا کہ ’ہم نے وزیٹرز کی جانب سے زبردست ٹرن آؤٹ دیکھا اور ہر کوئی ان کوششوں سے خوش تھا جو ہم کر رہے ہیں۔ ٹرن آؤٹ اب بہت زیادہ ہے اور یہاں روزانہ تقریباً 700 سے 1000 وزیٹرز آتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ریاض سیزن کی مقبولیت توقع سے کہیں زیادہ ہے۔ ہمارے پاس ہر 15 منٹ میں 80 سے 100 وزیٹرز اور 100 سے 300 لوگ برڈ گارڈن میں داخل ہونے کے لیے قطار میں کھڑے ہوتے ہیں، جو بہت حیران کن ہے۔‘
طوطے کے ایک 13 سالہ ٹرینر محمد عواجی نے ریاض سیزن میں حصہ لینے اور دو سال سے زیادہ عرصہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں استعمال کیا۔
عواجی نے کہا کہ ’یہاں بہت سے وزیٹرز طوطوں کے بارے میں پرجوش ہیں اور مجھے لگتا ہے کہ یہ جگہ اس قسم کے شوق رکھنے والوں کے لیے بہترین ہے۔ ہم جانوروں کی ثقافت کے بارے میں مزید بیداری پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ طوطوں کی کچھ انواع غیر ملکی اور نایاب ہیں اور سعودی عرب کے اندر صرف سلام پارک ہی وہ جگہ ہے جہاں انہیں دیکھا جا سکتا ہے۔
برڈ گارڈن میں پرندوں کی 50 سے زیادہ اقسام موجود ہیں۔ ( فوٹو عرب نیوز)
عواجی نے کہا کہ ’ ہمارے پاس کوکاٹو نامی نایاب طوطوں میں سے ایک طوطا ہے جس کی قیمت کا تخمینہ 50 ہزار ڈالر سے ایک لاکھ 50 ہزار ڈالر کے درمیان ہے یہ پرندہ انڈونیشیا کا رہنے والا ہے۔‘
جب لوگ برڈ گارڈن میں داخل ہوتے ہیں تو وہ مختلف قسم کے وزیٹرز کے درمیان پہنچتے ہیں جن میں مقامی،غیر ملکی، بچے اور معذور افراد شامل ہیں۔
ڈاؤن سنڈروم کے شکار سلطان العتیبی نے عرب نیوز کو بتایا کہ وہ پرندوں کو چھونے اور ان کے ساتھ کھیلنے کے لیے کتنے پرجوش اور خوش ہیں اور کہا کہ اس حالت میں مبتلا لوگ خاص طور پر جانوروں کے شوقین ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’پرندے بہت رنگین اور خوبصورت ہیں، خاص طور پر سرخ اور یہ جگہ حیرت انگیز ہے۔ میں نے بغیر کسی خوف کے تمام پرندوں کو چھوا۔ میں نے انہیں اپنے بازو پر رکھا۔ میں ہر روز آنا چاہتا ہوں۔‘
ایک سعودی خاتون منار محمد نےعرب نیوز کو بتایا کہ یہ پہلی بار ہے کہ انہوں نے مملکت میں بہت سے پرندوں کو دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ میری تین سالہ بیٹی نے یہاں بہت مزہ کیا کیونکہ وہ جانوروں سے پیار کرتی ہے اور ریاض سیزن میں اس قسم کی سرگرمی کی بہت ضرورت تھی۔ پرندوں کی اقسام بہت زیادہ ہیں اور ان میں سے اکثر اس سے مختلف نظر آتے ہیں جو ہم دیکھنے کے عادی ہیں۔‘
سلام پارک ٹری زون میں شامل سرگرمیوں میں سے ایک ہے۔ سلام ٹری جس کا مطلب امن کا درخت ہے کو 2021 میں ریاض سیزن کے حصے کے طور پر فری زونز میں شامل کیا گیا ہے۔